پاکستان

جاپان نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لئے 9.91 ملین ڈالر کی گرانٹ منظور کرلی

جاپان نے خیبر پختونخوا (کے پی) میں سیلاب سے متاثرہ اور آس پاس کے علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کے آلات کی بہتری کے لئے...
شائع December 17, 2024

وزارت اقتصادی امور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاپان نے خیبر پختونخوا (کے پی) میں سیلاب سے متاثرہ اور آس پاس کے علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کے آلات کی بہتری کے لئے 9.91 ملین ڈالر کی گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گرانٹ ان ایڈ منصوبے کے حوالے سے پاکستان اور جاپان کی حکومتوں کے درمیان گرانٹ معاہدے، نوٹس کے تبادلے اور بات چیت کے ریکارڈ پر دستخط کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی۔

وفاقی وزیر احد چیمہ کی منظوری کے بعد پاکستان کی جانب سے اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور جاپانی حکومت کی جانب سے پاکستان میں جاپان کے عبوری ناظم الامور تکانو شوئیچی نے اس منصوبے پر دستخط کیے۔

جاپان کی حکومت نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے) کے ذریعے مذکورہ گرانٹ ان ایڈ منصوبے کے لئے 1.503 بلین جاپانی ین (9.91 ملین امریکی ڈالر) کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

اس منصوبے کا مقصد صوبہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تشخیص اور علاج کے نظام کو مضبوط بنانا ہے۔ جاپانی گرانٹ سے زچہ و بچہ کی صحت کے ساتھ ساتھ زیادہ خطرے سے دوچار حاملہ خواتین اور نوزائیدہ بچوں کے لئے طبی خدمات کی فراہمی کے لئے ضروری طبی سازوسامان کی فراہمی سے علاقائی ریفرل سسٹم کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ حکومت خیبرپختونوا کے سیلاب سے متاثرہ اور آس پاس کے علاقوں میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

دریں اثنا تاکانو شوئیچی نے جاپان کی جانب سے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کی یقین دہانی کرائی۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر(این ای او سی) کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں جاپان نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں اپنی مسلسل مدد کے حصے کے طور پر ضروری ویکسین کی خریداری کے لئے 3.1 ملین ڈالر کی نئی گرانٹ کا اعلان کیا تھا۔

این ای او سی نے کہا ہے کہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پاکستان ان فنڈز کو 2025 میں پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ویکسین کی 20.22 ملین سے زائد خوراکوں کی خریداری کے لیے استعمال کرے گا۔

جاپان نے گزشتہ ماہ پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کے منصوبے کے لیے 18.5 ملین ڈالر کی گرانٹ کی بھی منظوری دی تھی۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت جاپان نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے حکومت پاکستان کو ’سندھ طاس میں سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات میں اضافہ‘ کے عنوان سے ایک امدادی منصوبے کے لیے 2.831 بلین جاپانی ین (18.5 ملین ڈالر) کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

Comments

200 حروف