حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق 15 دسمبر سے 31 دسمبر 2024 تک پٹرول کی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔

قیمتوں می کمی کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل 258 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 255 روپے 38 پیسے، مٹی کا تیل 164 روپے 98 پیسے سے کم ہو کر 161 روپے 66 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 151 روپے 73 پیسے سے کم ہو کر 148 روپے 95 پیسے فی لٹر کا ہوگیا ہے ۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 15 دسمبر کو ختم ہونے والے 15 روزہ دورانیے میں بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیا۔

پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر پٹرولیم لیوی 60 روپے فی لٹر ہے جب کہ پٹرولیم مصنوعات کو جنرل سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ یکم دسمبر کوحکومت نے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے اضافہ کیا تھا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف