پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) جنوری 2025 سے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے پی) پر پروازوں کا آغاز کرنے کے لیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی اے اے جنوری 2025 تک این جی آئی اے پی کو آپریشنل بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے عملہ تعینات کیا جارہا ہے اور اس کے افتتاح کی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔
قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل (اے وی ایم) ذیشان سعید نے ڈپٹی ڈی جی ایئر پورٹ انجینئر صادق الرحمان اور پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر فیض اللہ خٹک کے ہمراہ حال ہی میں اس سہولت کا جامع معائنہ کیا، ترجمان پی اے اے نے تصدیق کی کہ این جی آئی اے پی میں عملے کے لئے کافی رہائش موجود ہے، امید ہے کہ مقررہ وقت پر اس کا افتتاح کردیا جائے گا۔
وفد نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر چیمبر آف کامرس، پاک بحریہ اور پاک فوج کے نمائندوں سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔
دورے کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر فیض اللہ خٹک نے ہوائی اڈے کی جدید خصوصیات اور خطے میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع کے لئے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی۔
این جی آئی اے پی چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو 246 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتا ہے اور اسے چین کی مدد سے تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں جدید سہولیات موجود ہیں جن میں ایک عالمی معیار کی ٹرمینل بلڈنگ اور بڑے طیاروں کی گنجائش کے لیے ڈیزائن کیا گیا رن وے بھی شامل ہے۔ دوسری جانب ایئر سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے حکام نے بھی این جی آئی اے پی میں 400 کے قریب سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کی تصدیق کی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments