مارکٹس

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام

۔ انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا گیا ہے۔ جمعرات...
شائع December 5, 2024

۔

انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام دیکھا گیا ہے۔ جمعرات کو روپے کی قدر میں صرف 0.01 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں قدر 2 پیسے کم ہونے کے بعد روپیہ 277 روپے 94 پیسے پر بند ہوا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق بدھ کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 277.92 روپے پر بند ہوا تھا۔

جمعرات کو عالمی سطح پر یورو میں کمی آئی، کیونکہ فرانس کی حکومت کی متوقع ناکامی نے خطے کی دوسری سب سے بڑی معیشت کے بارے میں تشویش بڑھا دی ہے جب کہ جنوبی کوریا کا وون مارشل لاء کے ناکام ہونے کے بعد مستحکم ہوا۔

سنگل کرنسی کی قیمت 1.0514 ڈالر تھی، جو ابتدائی ایشیائی اوقات میں سخت رینج میں ٹریڈ کر رہی تھی، لیکن نومبر کے آخر میں یہ دو سال کی کم ترین سطح 1.03315 ڈالر کے قریب تھی۔

مارکیٹوں میں قیمتوں میں اضافے کا امکان 60 فیصد ہے۔

امریکہ میں، شرح سود میں کمی کے حوالے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، حالانکہ فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کے بیانات اور حالیہ اقتصادی ڈیٹا نے یہ ظاہر کیا کہ نومبر میں سروسز کے شعبے کی سرگرمیاں سست ہو گئیں، حالانکہ گزشتہ مہینوں میں ان میں اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔

بدھ کو پاول نے کہا کہ معیشت اب اس سے زیادہ مضبوط ہے جتنا کہ مرکزی بینک نے ستمبر میں شرح سود میں کمی شروع کرنے کے وقت توقع کی تھی۔

ڈالر انڈیکس، جو 6 اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی کرنسی کی پیمائش کرتا ہے 106.31 پر ریکارڈ کیا گیا۔

اوپیک پلس اجلاس سے قبل جمعرات کو خام تیل کی قیمتیں زیادہ تر مستحکم رہیں ،سرمایہ کار یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ تیل پیدا کرنے والا گروپ سپلائی میں کمی کے حوالے سے کیا اقدامات کرتا ہے، ساتھ ہی مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی کا بھی بغور جائزہ لے رہے تھے۔

برینٹ کروڈ فیوچر 6 سینٹ یا 0.08 فیصد اضافے کے ساتھ 72.37 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جبکہ امریکی خام تیل کی فیوچر قیمت 7 سینٹ یا 0.10 فیصد اضافے سے 68.61 ڈالر فی بیرل رہی۔ بدھ کے روز دونوں بینچ مارک تقریبا 2 فیصد گر گئے۔

Comments

200 حروف