ٹیکسٹائل کمپنیوں پر مشتمل کنسورشیم نے اینگرو انرجی لمیٹڈ کے ماتحت ادارے اینگرو پاورجن قادرپور لمیٹڈ (ای پی کیو ایل) کے اکثریتی حصص یعنی 68.89 فیصد حصص حاصل کرنے کے اپنے عوامی اعلان (پی اے آئی) کو واپس لے لیا ہے۔

یہ پیش رفت عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ ایک نوٹس میں بتائی گئی ہے۔

یہ بات لبرٹی ملز لمیٹڈ، زین اشرف مکاتی، تیمور اشرف مکاتی، احمد اشرف مکاتی، سوٹی انٹرپرائزز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، افینیٹی کیپٹل پرائیویٹ لمیٹڈ، نجیب ملک، ندیم ملک اور شہزاد ملک کی جانب سے 26 فروری 2024 کو بزنس ریکارڈر اور نوائے وقت میں شائع ہونے والے پی اے آئی کے حوالے سے ہے جس میں اینگرو پاورجن قادر پور لمیٹڈ (ہدف کمپنی) کے تقریبا 68.89 فیصد حصص حاصل کیے گئے تھے۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پی اے آئی میں 17 مئی 2024 کو اضافہ اور 23 اگست 2024 کو جاری کردہ آفر کے عوامی اعلان کی ٹائم لائن میں توسیع ریگولیٹری اور دیگر منظوریوں کی وصولی سے مشروط ہے۔

اے ایچ ایل نے کہا کہ وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ پیش کش کا عوامی اعلان کرنے کی مدت 24 نومبر 2024 (میعاد ختم ہونے کی تاریخ) کو ختم ہوجائے گی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے، ’اس پس منظر میں، اور لسٹڈ کمپنیوں (ووٹنگ حصص اور ٹیک اوورز کا خاطر خواہ حصول) ریگولیشنز، 2017 کے ریگولیشن 21 (1) اور سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کے مطابق، ہم نوٹس دیتے ہیں کہ میعاد ختم ہونے کی تاریخ تک پی اے آئی کو واپس لے لیا جاتا ہے۔

اے ایچ ایل نے بتایا کہ قانون کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے واپسی کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔

ای پی کیو ایل ایک انڈیپنڈنٹ پاور پلانٹ (آئی پی پی) ہے جو قادر پور، گھوٹکی میں 217 میگاواٹ گیس پر مبنی پلانٹ چلاتا ہے۔

پلانٹ ایک مشترکہ سائیکل پلانٹ ہے ، جس میں ایک گیس ٹربائن ، ایک ہیٹ ریکوری سسٹم جنریٹر (ایچ آر ایس جی) اور ایک بھاپ ٹربائن سمیت 1 + 1 + 1 ترتیب شامل ہے۔

اینگرو کارپوریشن اینگرو انرجی لمیٹڈ کے ذریعے ای پی کیو ایل میں 68.9 فیصد حصص رکھتی ہے۔

لبرٹی ملز لمیٹڈ اور سوٹی انٹرپرائزز ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ میں شامل ہیں۔

جبکہ افینٹی کیپٹل پرائیوٹ لمیٹڈ ماسٹر گروپ آف انڈسٹریز (ایم جی آئی) کا حصہ ہے، جو ٹیکسٹائل، آٹوموبائل، انجینئرنگ اور توانائی کے شعبوں میں کاروباری مفادات رکھتا ہے۔

Comments

200 حروف