وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری خریداریوں میں کوالٹی ایشورنس سمیت تھرڈ پارٹی تصدیق کو یقینی بنایا جائے۔
پبلک پروکیورمنٹ اور گڈ گورننس کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) میں اصلاحات اور ادارے کو تمام تر اثر و رسوخ سے پاک کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے خریداری کے عمل سے متعلق شکایات کے ازالے کے لئے پروکیورمنٹ ایجنسی سے الگ ایک کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے پیپرا میں میرٹ کی بنیاد پر قابل، پیشہ ور اور تجربہ کار ماہرین کی تعیناتی پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شفاف انداز میں تمام سرکاری اداروں میں خدمات کی خریداری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری اداروں میں خریداری شفاف ہونے کو یقینی بنانے سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھانے میں مدد ملے گی۔
شہباز شریف نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ای پروکیورمنٹ (ای پی اے ڈی ایس) کا استعمال کریں اور سرکاری محکموں میں خدمات کی خریداری اور حصول کے لئے خصوصی پروکیورمنٹ سیل قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے لئے حکومتی معاملات میں شفافیت ضروری ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پیپرا آرڈیننس اور متعلقہ قواعد و ضوابط کا جائزہ مکمل کر لیا گیا ہے اور ترامیم جلد منظوری کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ان ترامیم کا مقصد خریداری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اور انہیں عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزہ فاطمہ خواجہ، پیپرا بورڈ ممبران، ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments