پنجاب حکومت نے ہوا کے معیار میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے 20 نومبر سے صوبے بھر کے تمام اسکولز دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ پیش رفت ایک دن بعد ایسے وقت میں ہوئی ہے جب صوبائی حکومت کی جانب سے کئی شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے بعد انسداد سموگ اقدامات میں نرمی کی گئی ہے۔

گزشتہ ماہ پنجاب میں اسموگ کی حالیہ صورتحال کو ’آفت‘ قرار دیا گیا تھا جس کے باعث صوبے نے 6 نومبر کو اپنے بڑے شہروں میں اسکول بند کردیے تھے اور پھر جمعے کے روز اسکولز کی بندش میں 24 نومبر تک توسیع کردی تھی۔

تاہم پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے بعد گزشتہ تین روز کے دوران ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔ پیر کی شام 7 بجے تک یہ ’غیر صحت مند‘ تھا اور اس کا اے کوآئی اسکور 179 تھا اور آنے والے دنوں میں اسموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش، ہوا کی سمت اور رفتار میں تبدیلی کے باعث پنجاب کے بیشتر اضلاع میں فضائی معیار میں بہتری آئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لاہور اور ملتان ڈویژن سمیت تمام تعلیمی ادارے 20 نومبر (بروز بدھ) سے طلباء اور عملے کی طبعی موجودگی کے ساتھ کھولے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول صبح 8 بج کر 45 منٹ سے پہلے نہیں کھولے جائیں گے، طلبہ اور عملے کے لیے ماسک پہننا بھی لازمی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آؤٹ ڈور کھیلوں اور آؤٹ ڈور ہم نصابی سرگرمیوں پر پابندی تاحکم ثانی برقرار رہے گی۔

دریں اثنا پنجاب کے ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس کے زیر انتظام تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بدھ سے لازمی پابندیوں کے نفاذ کے ساتھ کھلیں گے۔

عدالت نے صوبے بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز اور کالجز کے ڈائریکٹرز کو بھی ہدایت کی کہ وہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

Comments

200 حروف