وزیر اعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) سمیت حکام کو ٹیکس چوری، غیر دستاویزی فروخت اورچینی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ضمن ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر، آئی بی اور ایف آئی اے کو شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس چوری روکنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکام کو ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر ملز مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔
شوگر کرشنگ سیزن شروع ہونے کے ساتھ ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے شوگر ملز اور ڈیلرز سے 100 فیصد جی ایس ٹی وصولی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے شوگر ملز میں کیمروں کی تنصیب کی بھی ہدایت کی ہے ۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد چینی کی ذخیرہ اندوزی کو روکنا اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
سیلز ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے کیمروں کے ذریعے شوگر ملز میں پروسیس اور اسٹوریج کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مزید برآں حکومت اس حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افواہیں پھیلانے والی شوگر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اسٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جائیں گے۔
پیر کو وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کی بریفنگ کے دوران حکام کو ہدایت کی تھی کہ وہ ٹیکس چوروں اور ان کی مدد کرنے والوں کا سراغ لگائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ہر کوئی ٹیکس ادا کرے۔
وزیراعظم نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ٹیکس چوروں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اس وقت بہتر ترقی کر سکتی ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تمام شعبوں کو ٹیکس ادا کرنا چاہئے۔
Comments