وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئیڈیاز کا 12 واں ایڈیشن جس میں دنیا بھر کے دفاعی ماہرین اور مینوفیکچررز شرکت کریں گے، ملکی دفاعی صنعت کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
کراچی ایکسپو سینٹرمیں دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024 کے 12 ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ دفاعی پیداوار میں تعلیمی اداروں، صنعت اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان رابطہ فراہم کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کے ذریعے دفاعی ایکو سسٹم کا آغاز کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی دفاعی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلہ کررہی ہیں اور حکومت اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ اس صنعت میں انسانی سرمائے اور پیشہ ور افراد میں سرمایہ کاری کے لئے کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا جاری رہے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے ہمیشہ بین الاقوامی امن، استحکام اور نظم و نسق کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس موقع پر انہوں نے دنیا کو ایک بہتر اور محفوظ جگہ بنانے کے لیے جیو اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال پر زور دیا۔
آئیڈیاز 2024 میں بین الاقوامی سیمینارز، دفاعی ٹیکنالوجی کے مظاہرے اور بی ٹو بی اور بی ٹو جی مصروفیات کے ذریعے بزنس نیٹ ورکنگ کی جائے گی۔
21 نومبر کو سی ویو (نشان پاکستان) میں ایک خصوصی کراچی شو شیڈول ہے۔
مزید برآں، نمائش میں ایران اور برطانیہ سمیت 55 ممالک شرکت کریں گے۔
دوسری جانب کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے شہر قائد میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر 7 روز کی پابندی عائد کردی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت پابندی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس کراچی رینج کی درخواست پر عائد کی گئی ہے۔
ایکسپو کے دوران شہر بھر میں تمام احتجاجی مظاہروں، دھرنوں، ریلیوں اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماعات پر پابندی ہے۔
Comments