بنگلہ دیش میں بینک الفلاح آپریشنز: مرکزی بینکوں نے جانچ پڑتال کی سہولت کیلئے گرین سگنل دیدیا
پاکستان اور بنگلہ دیش کے مرکزی بینکوں نے بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایف ایل) کو سری لنکا کے ہیٹن نیشنل بینک پی ایل سی (ایچ این بی) کو بنگلہ دیش میں بی اے ایف ایل کے آپریشنز چلانے میں سہولت فراہم کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔
یہ پیشرفت بی اے ایف ایل کی جانب سے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں بتائی گئی۔
نوٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور بنگلہ دیش بینک نے بالترتیب 7 نومبر اور 14 نومبر 2024 کو بی اے ایف ایل کو اصولی منظوری دی ہے کہ وہ سری لنکا کے ہیٹن نیشنل بینک پی ایل سی (ایچ این بی) کو بی اے ایف ایل کی بنگلہ دیش میں کارروائیوں کی جانچ پڑتال میں معاونت فراہم کرے، جس کا مقصد بی اے ایف ایل کی بنگلہ دیشی کارروائیوں کے 100 فیصد اثاثے اور واجبات ایچ این بی کو ممکنہ طور پر فروخت کرنا ہے۔
بی اے ایف ایل نے بتایا کہ یہ منظوری بنگلہ دیش کے بینک ایشیا لمیٹڈ کی جانب سے پہلے سے جاری جانچ پڑتال کے عمل کے علاوہ ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ مجوزہ ٹرانزیکشن کو مکمل کرنے کیلئے تفصیلی جانچ پڑتال، بی اے ایف ایل کی جانب سے بائنڈنگ آفر کی قبولیت اور ٹرانزیکشن دستاویزات پر عمل درآمد اور ریگولیٹری اور تھرڈ پارٹی کی منظوری اور رضامندی کی وصولی سے مشروط ہے۔
بی اے ایف ایل ملک کے 200 سے زائد شہروں میں 1،024 شاخوں کا نیٹ ورک رکھتا ہے اور افغانستان ، بنگلہ دیش ، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی موجودگی رکھتا ہے۔
اس سے قبل اگست میں ایچ این بی نے اپنے اثاثوں اور واجبات کے ساتھ بی اے ایف ایل کے بنگلہ دیش آپریشنز کو حاصل کرنے کی غیر پابند پیشکش کی تھی۔
ایچ این بی سری لنکا میں کام کرنے والا نجی شعبے کا ایک اہم تجارتی بینک ہے جس کی 251 شاخیں جزیرے بھر میں پھیلی ہوئی ہیں۔ بینک کو ایشین بینکر میگزین نے 2007 سے 2017 تک دس مواقع پر ”سری لنکا میں بہترین خوردہ بینک“ کے طور پر بین الاقوامی طور پر تسلیم کیا ہے۔
دریں اثنا، اپریل میں، بنگلہ دیش کے بینک ایشیا لمیٹڈ نے بھی بی اے ایف ایل بنگلہ دیش کے آپریشنز کو حاصل کرنے کا اظہار کیا۔
Comments