پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایف ایل) نے سامبا بینک لمیٹڈ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کا ارادہ ترک کردیا۔
یہ پیشرفت سعودی نیشنل بینک (ایس این بی) کی جانب سے سامبا پاکستان میں اپنے حصص کی فروخت کے منصوبے کو ختم کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے بینک الفلاح کو سامبا بینک میں سعودی نیشنل بینک (ایس این بی) کے تقریباً 84.51 فیصد عام شیئرز کے مجوزہ حصول کیلئے جانچ پڑتال کی اصولی منظوری دی تھی۔
تاہم سعودی نیشنل بینک (ایس این بی) نے سامبا میں اپنے ایکویٹی حصص کی فروخت کا عمل منسوخ کردیا ہے۔ اس کے نتیجے میں عارف حبیب لمیٹڈ نے بطور آفر منیجر، بینک الفلاح لمیٹڈ کی جانب سے سامبا میں ایس این بی کے شیئرز حاصل کرنے کے ارادے کو واپس لینے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔ یہ بات بینک الفلاح لمیٹڈ نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو دیے گئے ایک نوٹس میں کہی۔
بینک الفلاح لمیٹڈ نے کہا ہے کہ اس کے پی اے آئی کی مذکورہ واپسی 14 نومبر 2024 کو بزنس ریکارڈر اور نوائے وقت میں شائع ہوچکی ہے۔
منگل کو ایس این بی نے اپنے ماتحت ادارے سامبا پاکستان میں اپنے ایکوٹی حصص کی فروخت کا عمل منسوخ کردیا۔
سامبا نے کہا کہ ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ سامبا بینک لمیٹڈ (سامبا پاکستان) میں اپنے حصص کی فروخت کے لئے مناسب جانچ پڑتال اور تلاش مکمل ہونے کے بعد ، سعودی نیشنل بینک ، سامبا پاکستان کے اکثریتی شیئر ہولڈر کی حیثیت سے سامبا پاکستان میں ایس این بی کے ایکویٹی حصص کی فروخت کا عمل ختم کررہا ہے۔
اس سے قبل اپریل میں بی اے ایف ایل نے سامبا بینک لمیٹڈ میں اکثریتی حصص حاصل کرنے کے لئے پی اے آئی پیش کیا تھا۔
بی اے ایف ایل کی درخواست کے بعد اسٹیٹ بینک نے مئی میں بی اے ایف ایل کو سامبا بینک لمیٹڈ پر مناسب جانچ پڑتال کرنے کی منظوری دی تھی۔
2021 میں سامبا بینک کو سامبا بینک لمیٹڈ، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور گلف اسلامک انویسٹمنٹ ایل ایل سی کی انتظامیہ کے شریک ارکان پر مشتمل کنسورشیم سے 852.040 ملین ووٹنگ شیئرز کا کنٹرول حاصل کرنے کا پختہ ارادہ ملا تھا، جو بینک کے ادا شدہ سرمائے کا 84.51 فیصد ہے۔
تاہم، یہ معاہدہ کامیاب نہیں ہوا۔
Comments