ڈسکوز کی نجکاری کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، وزیر توانائی کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے گفتگو
وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو نجکاری کے لیے تیار کرنے کے لیے ڈویلپمنٹ پارٹنرز سے سرمایہ کاری کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے یہ تجویز ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے کنٹری ڈائریکٹر ژیاؤکن (ایما) فین کی سربراہی میں ایک وفد کے سامنے پیش کی جس نے بدھ کو ان سے ملاقات کی۔
وزیر توانائی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اے ڈی بی کے کردار کو سراہا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی زیادہ تر سرمایہ کاری توانائی کے شعبے کے منصوبوں بالخصوص ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر پر مرکوز ہے۔
حکومت کی اصلاحات کی تجویز سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی (پی پی ایم سی) میں ایک ٹیم تشکیل دے رہی ہے جس نے پیپکو کی جگہ لے لی ہے تاکہ پاور ڈویژن کو پالیسی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اے ڈی بی کی مدد سے صحیح کام کے لئے صحیح لوگوں کی تعیناتی ممکن ہوگی۔
اویس لغاری نے مزید کہا، “ہمارے ترقیاتی شراکت داروں کی جانب سے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ ڈسکوز کی نجکاری سے پہلے انہیں بہتر پوزیشن میں لایا جا سکے۔
ایما فین نے کہا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور گورننس کو بہتر بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے توانائی کے شعبے کی پائیداری، جدیدکاری اور استعداد کار بڑھانے میں مدد دے گا۔
پاور ڈویژن نے اپنے سرکاری بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماضی کی طرح پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے شعبے کے منصوبوں پر تعاون جاری رکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت عالمی بینک کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ مالی طور پر مضبوط ڈسکوز کو نجکاری کے لیے تیار کیا جا سکے تاہم آئی پی پیز کے ساتھ موجودہ مذاکرات سے نجکاری کے پروگرام پر اثر پڑے گا کیونکہ آئی پی پیز کے اعلیٰ حکام نے اعلیٰ سطح پر ٹاسک فورس کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments