وزارت اقتصادی امور کے مطابق جاپان نے فلڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کے لیے 18.5 ملین ڈالر گرانٹ کی منظوری دے دی۔
وزارت اقتصادی امور کے اعلامیہ کے مطابق جاپان کی حکومت نے ”سندھ طاس میں فلڈ مینجمنٹ پراجیکٹ“ کے عنوان سے پاکستان کیلئے 2.831 ارب جاپانی ین (18.5 ملین ڈالر) کی گرانٹ منظور کی ہے، جو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے ذریعے پاکستان کو دی جائے گی۔
وفاقی وزیر احد چیمہ کی منظوری کے بعد جاپانی گرانٹ کی تبادلے کی دستاویزات اور ریکارڈ آف ڈسکشن کے لیے ایک دستخطی تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد کی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ سیلاب کی پیش گوئی کی درستگی اور سیلاب پر قابو پانے کے نظام کو بہتر بنانے ، قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے بنیادی ڈیٹا اکٹھا کرنے، اور انسانوں، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو ہونے والے نقصانات کے خطرات کو کم کرنے کے لیے ہے۔
دریں اثنا، اس منصوبے کا دائرہ کار دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں میں 2022 کے سیلاب سے تباہ ہونے والے دریاؤں کے ڈھانچے کی بحالی کے علاوہ ہائیڈرولوجیکل اور ہائیڈرولک آبزرویشن نیٹ ورک تیار کرنا ہے۔
منصوبے کے ایکسچینج آف نوٹس پرپاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امورڈاکٹرکاظم نیاز اورجاپان کی جانب سے جاپانی سفیر واڈا مٹسوہیرو نے دستخط کیے۔
کاظم نیاز نے جاپانی حکومت کی جانب سے دونوں فریقین کے درمیان مزید بامعنی تعاون کے لئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی پر ان کی گراں قدر حمایت کی تعریف کی۔
جاپانی سفیر مٹسوہیرو نے اپنی حکومت کی جانب سے دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا یقین دلایا۔
Comments