ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی کمی
انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اختتام پر ڈالر 277.86 روپے پر بند ہوا جو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.12 پیسے کی کمی ہے۔
گزشتہ ہفتے کے دوران انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر بڑی حد تک مستحکم رہی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق گزشتہ ہفتے روپے کے مقابلے میں ڈالر 4 پیسے کے اضافے سے 277.74 روپے پر بند ہوا تھا۔
عالمی سطح پر پیر کو امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا کیونکہ مارکیٹیں امریکی افراط زر کے اعداد و شمار اور فیڈرل ریزرو کے مقررین کی بڑی تعداد کے لیے تیار ہیں جب کہ یوآن بیجنگ کے تازہ ترین امدادی پیکج سے ہینگ اوور کا شکار ہے۔
امریکی ڈالر 7.1955 یوآن پر قائم رہا، جس میں جمعہ کو 0.7 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ دوبارہ 7.2000 کی سطح کو آزمانے کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے۔
امریکی بانڈ مارکیٹیں عام تعطیل کے باعث بند رہیں تاہم اسٹاک اور فیوچرز کھلے ہیں۔
ڈالر انڈیکس گزشتہ ہفتے یورو کے مقابلے میں 0.6 فیصد اضافے کے بعد 105.05 پر جاپہنچا۔
تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں امریکی افراط زر اور بانڈز کے منافع پر دباؤ ڈالیں گی جب کہ اس سے فیڈرل ریزرو کی پالیسی میں نرمی لانے کی صلاحیت محدود ہو جائے گی۔
اس ہفتے فیڈ کے کئی عہدیدار خطاب کرنے والے ہیں، جن میں جمعرات کو چیئرمین جیروم پاول بھی شامل ہیں، اس لیے شرح سود کے بارے میں کافی رہنمائی ملے گی۔
Comments