مارکٹس

قومی بچت اسکیمز پر شرح منافع میں کمی

  • تبدیلیوں کا اطلاق 4 نومبر 2024 سے ہوگا
شائع 02 نومبر 2024 01:42pm

مختلف قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں کمی کردی گئی۔

مرکزی ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگ (سی ڈی این ایس) نے قومی بچت اسکیموں (این ایس ایس) کے مختلف سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح میں 360 بیسس پوائنٹس تک کی کمی کردی ہے ۔

بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کی شرح 360 بی پی ایس کم کرکے 15.20 فیصد سے 11.60 فیصد کردی گئی ہے ۔

ان تبدیلیوں کا اطلاق 4 نومبر 2024 سے ہوگا۔

سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) اور سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) پر منافع 309 بیسس پوائنٹس کم ہوکر 14.25 فیصد سے 11.16 فیصد رہ گیا۔

اسپیشل سیونگز اکاؤنٹس (ایس ایس اے) پر بھی 220 بیسس پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور اب یہ شرح 15.20 فیصد کے بجائے 13 فیصد ہے۔

اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹ (آر آئی سی) 12.12 فیصد ریٹرن پیش کرے گا جو پہلے 12.72 فیصد تھا۔

دریں اثنا، شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ جیسے فلاحی اکاؤنٹس کے ریٹرن میں 24 بیسس پوائنٹس کی معمولی کمی دیکھی گئی جو 14.16 سے اب 13.92 فیصد ہے۔

ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ (ڈی ایس سی) اور شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ (ایس ٹی ایس سی) کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ اہم پالیسی ریٹ کا فیصلہ کرنے کے لئے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا آئندہ اجلاس 4 نومبر 2024 کو شیڈول ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر 2024 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح سالانہ بنیاد پر 7.2 فیصد رہی جو ستمبر 2024 کے مقابلے میں قدرے زیادہ ہے جب یہ 6.9 فیصد تھی۔

Comments

200 حروف