سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو نے رواں سال کے اوائل میں گیس اینڈ آئل پاکستان (جی او) میں 40 فیصد حصص کے حصول کے بعد منگل کو پاکستان میں اپنے اولین فیول ریٹیل اسٹیشن کا افتتاح کیا۔
جی او، ایک متنوع ڈاؤن اسٹریم فیولز، لبریکنٹس اور کنوینیئنس اسٹورز آپریٹر، پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل اور اسٹوریج کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اپنی ویب سائٹ پر جی او کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس کی 1200 سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس ہیں جو پیٹرولڈیزل اور لبریکنٹس فراہم کرتی ہیں۔
ارامکو، جو دنیا کی سب سے بڑی مربوط توانائی اور کیمیکلز کی کمپنی ہے، کے ساتھ اس شراکت داری سے اعلیٰ معیار کے فیولز اور صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔
بیان کے مطابق آرامکو برانڈڈ اسٹیشنز ”پرو فورس“ برانڈڈ پریمیم ایندھن، اعلی معیار کے والوولین لبریکنٹس، پروفیشنل ایکسپریس کیئر آٹوموٹو سروسز اور جدید کنوینیئنس اسٹورز پیش کریں گے جو بہتر تجربات فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے پروڈکٹس اینڈ کسٹمرز یاسر ایم مفتی نے کہا کہ یہ آرامکو کی ڈاؤن اسٹریم ترقی کی کہانی میں ایک اور سنگ میل ہے کیونکہ ہم پاکستان میں پہلا آرامکو اسٹیشن لانچ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جی او کے ساتھ، جو وسیع صنعتی مہارت، صارف کی خدمات توجہ اور جدت کے لیے مشترکہ عزم رکھتا ہے، یہ شراکت داری صارفین کو غیر معمولی قدر فراہم کرے گی۔
جی او کے سی ای او خالد ریاض نے کہا کہ آرامکو برانڈ کا پہلا گیس اسٹیشن ان کے ”بہترین اور جدت طرازی کے عزم“ کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرامکو کے ساتھ مل کر ہمارا مقصد پاکستان میں خوردہ ایندھن کے منظرنامے کو بہتر بنانا، خدمات اور صارفین کے اطمینان کے لئے نئے معیار قائم کرنا ہے۔
آرامکو نے رواں سال مئی میں جی او پاکستان میں 40 فیصد حصص کا حصول مکمل کیا تھا۔
حصص کا یہ حصول، جس کا اعلان پہلی بار دسمبر 2023 میں کیا گیا تھا، پاکستان میں سعودی آرامکو کی پہلی ڈاؤن اسٹریم ریٹیل سرمایہ کاری کی نمائندگی کرتا ہے اور اعلی قدر کی مارکیٹوں میں کمپنی کی بڑھتی ہوئی خوردہ موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
Comments