اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان کی شاندار باولنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو پنڈی ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست سے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 267 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی ٹیم 344 رنز بناکر 77 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی، تاہم دوسری اننگز میں انگلش بیٹنگ لائن لڑکھڑاگئی ، نعمان (6/42) اور ساجد (4/69) نے انگلینڈ کو اپنی دوسری اننگز میں صرف 112 رنز پر ڈھیر کردیا۔

میزبان ٹیم کو تیسرا ٹیسٹ اور سیریز جیتنے کے لیے 36 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا، صائم دوسرے ہی اوور میں 8 رنز بنانے کے بعد جیک لیچ کا شکار بن گئے تاہم کپتان شان مسعود نے 6 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر میچ اور سیریز میں کامیابی حاصل کرلی۔

سعود شکیل کو 134 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ اور ساجد خان مین آف دی سیریز قرار دیے گئے۔

Comments

200 حروف