ڈیرہ اسماعیل خان میں پاک افغان سرحد کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 جوان شہید ہوگئے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے رات کی تاریکی میں حملہ کیا۔ حملے میں ایف سی کے 10 جوان دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔

ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ جھڑپ میں ایف سی کے 3 الکار زخمی ہوئے ہیں۔ بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کی جانب سے درپیش شدید خطرے کے باوجود فوجیوں کی بہادری نے دہشت گردوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

ترجمان نے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید فوجیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنادیا۔

شہید ہونے والوں میں 6 فوجیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 کا تعلق ضلع کرک سے ہے۔ شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار محمد جان، نائیک عارف، لانس نائیک سعید الرحمن، سپاہی اخونزادہ اور سپاہی حضرت اللہ شامل ہیں۔ سپاہی مشتاق، عبدالصمد، عمران، بصیر اور مہتاب بھی شہید ہوئے۔

ان کی جرات مندانہ مزاحمت پاکستان کی سلامتی اور خطے میں امن کے تحفظ کے لیے ان کے عزم کا ثبوت دیا۔

ترجمان کے مطابق زخمی فوجی نائیک حمزہ، سپاہی حسن اور سپاہی صابر ایوب کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے کمبائنڈ ملٹری اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری دیکھ بھال مل رہی ہے۔

ترجمان نے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایف سی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور پاکستان میں امن کے قیام کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

علاوہ ازیں بنوں اور کوہا میں بھی فائرنگ کے واقعات میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

بنوں میں ایس ایچ او جانی خیل کی پولیس گاڑی کو بھی اسی طرح کے پرتشدد واقعے میں نشانہ بنایا گیا جبکہ کوہاٹ میں سب انسپکٹر عنایت اللہ کو ایک اور حملے میں گولی مار کر شہید کردیا گیا۔

دریں اثنا صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے ڈی آئی خان میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے دہشت گرد حملے میں ایف سی کے 10 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی اور شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے شہید جوانوں کی حب الوطنی کو سراہتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Comments

200 حروف