مسقط میں جاری اے سی سی مینز ٹی 20 ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان شاہینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بناسکی۔

اوپننگ بلے باز عمیر بن یوسف 46 گیندوں پر 68 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے۔

حیدر علی 14 گیندوں پر 15 رنز، محمد عمران جونیئر 2 چوکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 13، عرفان منہاس 8 گیندوں پر 10 رنز بناکر ڈبل فیگر تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دوشن ہیمنتھا نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشان ملنگا اور نیپون رانسکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا ’اے‘ نے 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے آہان وکرما سنگھے نے 46 گیندوں پر 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، انہوں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔

وکٹ کیپر بلے باز لاہیرو اڈارا نے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔

دوسرا سیمی فائنل آج افغانستان اے اور انڈیا اے کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ کی فاتح ٹیم اتوار 27 اکتوبر کو فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ کرے گی۔

Comments

200 حروف