پاکستان میں تیل کی پیدوار اور تلاش کی سب سے بڑی کمپنی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے 30 ستمبر 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 41.02 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) ظاہر کیا ہے۔
ای اینڈ پی کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو فراہم کردہ تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 49.03 ارب روپے کے مقابلے میں آمدنی میں 16 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس 25 اکتوبر کو ہوا جس میں کمپنی کی مالی اور آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور 3 روپے فی حصص یعنی 30 فیصد کے عبوری نقد منافع کی منظوری بھی دی گئی۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 9.54 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ 11.40 روپے تھی۔
منافع میں کمی اس مدت کے دوران فروخت میں کمی کے سبب آئی ہے۔
اس عرصے کے دوران او ڈی جی سی ایل کی صارفین کے ساتھ معاہدوں سے ہونے والی آمدنی کم ہو کر 106.01 ارب روپے رہ گئی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 120.1 ارب روپے تھی جو تقریبا 12 فیصد کم ہے۔
کمپنی کا مجموعی منافع مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 16 فیصد کمی کے ساتھ 65.8 ارب روپے رہا جو مالی سال 23 میں 77.9 ارب روپے تھا۔
اس کے نتیجے میں مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں کمپنی کے منافع کا مارجن کم ہو کر 62 فیصد رہ گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 65 فیصد تھا۔
اس عرصے کے دوران ای اینڈ پی کی دیگر آمدنی میں 58 فیصد سے زائد کی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی جو مالی سال 25 کی پہلی سہ ماہی میں 25.7 ارب روپے رہی جو مالی سال 24 کی پہلی سہ ماہی میں 16.3 ارب روپے تھی۔
کمپنی کی تلاش اور امکانات کے اخراجات میں 46 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں او جی ڈی سی ایل کے ایسوسی ایٹس میں منافع کا حصہ 3.24 ارب روپے رہا جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ 2.99 ارب روپے تھا جو تقریبا 9 فیصد اضافہ ہے۔
مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں او جی ڈی سی ایل کا قبل از ٹیکس منافع 83.12 ارب روپے رہا جو سالانہ بنیادوں پر 4 فیصد کم ہے۔
اس کے نتیجے میں ای اینڈ پی نے مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں 32.6 ارب روپے کم انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ گزشتہ برس کے اس عرصے میں یہ 37.1 ارب روپے تھا جو 12 فیصد سے زائد کی کمی ہے۔
او جی ڈی سی ایل کو کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت 23 اکتوبر 1997 کو رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔ یہ کمپنی تیل اور گیس کے وسائل کی تلاش اور ڈیولپمنٹ کے لئے قائم کی گئی تھی ، جس میں تیل اور گیس کی پیداوار اور فروخت اور متعلقہ سرگرمیاں شامل ہیں جو پہلے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ کی جاتی تھیں جو 1961 میں قائم کی گئی تھیں۔
Comments