پاکستان

کیپٹل مارکیٹس تک پاکستان کی تیز رفتار رسائی: الواریز اینڈ مارسل نے خاکہ پیش کردیا

الواریز اینڈ مارسل کی ٹیم نے پاکستان کیلئے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس اور بیرونی قرض دہندگان کیلئے تیز رفتار راہ...
شائع 22 اکتوبر 2024 02:07pm

الواریز اینڈ مارسل کی ٹیم نے پاکستان کیلئے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس اور بیرونی قرض دہندگان کیلئے تیز رفتار راہ ہموار کرنے کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا ہے کیونکہ اسلام آباد اپنی معیشت کو سہارا دینے اور غیر ملکی کرنسی کے قرضوں کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کیلئے فنڈز کا خواہاں ہے۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد نے الواریز اینڈ مارسل سوورن ایڈوائزری سروسز کے نمائندگان سے ملاقات کی ہے جس میں منیجنگ ڈائریکٹر اور گلوبل پریکٹس لیڈر ڈاکٹر رضا باقر، سوورن ایڈوائزری سروسز کے ڈویژن ایگزیکٹو پیٹر برگز اور تھیبوڈ فورکیڈ شامل تھے۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الواریز اینڈ مارسل کی ٹیم نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے کامیاب اختتام پر پاکستان کو مبارکباد دی اور مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جس کے ذریعے پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس اور بیرونی قرض دہندگان تک رسائی حاصل کرسکتا ہے۔

ٹیم نے ایک منظم حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے ملک کو کیپٹل مارکیٹس کی طرف تیز رفتار راہ ہموار کرنے کیلئے ضروری اقدامات کا خاکہ پیش کیا ہے ۔

یہ ملاقات ورلڈ بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی جو 21 اکتوبر سے 26 اکتوبر 2024 تک واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہورہی ہے ۔

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب وفد کی قیادت کررہے ہیں۔ دیگر وفد میں سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد شامل ہیں۔

الواریز اینڈ مارسل، ایک فرم جو متعدد بڑے، ہائی پروفائل کاروباری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور تبدیلی کے انتظام میں اپنے کام کیلئے جانا جاتا ہے، کو اس سے قبل حکومت پاکستان کا مشیر مقرر کیا گیا تھا کیونکہ اسلام آباد اپنی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سمیت دیگر اثاثوں کی نجکاری کرنا چاہتا ہے۔

اگست میں پاکستان کے نجکاری کمیشن (پی سی) نے کہا تھا کہ پری کوالیفائیڈ مالیاتی مشیروں کے پینل کے لیے چھ کمپنیوں/ فرموں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سٹی گروپ گلوبل مارکیٹس لمیٹڈ، برطانیہ، جے پی مورگن، الواریز اینڈ مرسل،یواےای، ای وائی کنسلٹنگ ایل ایل سی دبئی، پی ڈبلیو سی-اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی اور بی ڈی او ابراہیم اینڈ کمپنی، پاکستان شامل ہیں۔

پی سی نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ مالیاتی مشیروں کی یہ پری کوالیفکیشن نجکاری کمیشن کو آئندہ نجکاری کے مختلف لین دین کیلئے مالیاتی مشیروں کو بروقت شامل کرنے کے قابل بنائے گی۔

Comments

200 حروف