لکی سیمنٹ، جو پاکستان کے سب سے بڑے سیمنٹ ساز اداروں میں سے ایک ہے، نے اپنے کراچی پلانٹ میں 28.8 میگاواٹ کا کیپٹیو ونڈ پاور پروجیکٹ مکمل کرکے فعال کردیا ہے۔
کمپنی نے منگل کواسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ہمیں کمپنی کے کراچی پلانٹ میں 28.8 میگاواٹ کے کیپٹو ونڈ پاور پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، جو کمپنی کی جانب سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
لکی سیمنٹ نے بتایا کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت اور لاگت کے اندر مکمل کیا گیا ہے اور 21 اکتوبر 2024 سے آپریشنز کا آغاز کرچکا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کامیابی کے بعد قابل تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی ہماری پیداواری صلاحیت 55 فیصد تک پہنچ گئی ہے جس میں دونوں مقامات (کراچی اور پیزو) میں سولر پاور پلانٹس اور ویسٹ ہیٹ ریکوری پلانٹس شامل ہیں۔
لکی سیمنٹ نے کہا کہ پائیداری اور صاف توانائی کو اپنانا کمپنی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ “ہوا سے بجلی کے منصوبے کی تنصیب توانائی کے تحفظ اور سبز توانائی کے وسائل کو فروغ دینے کے لئے اس کے عزم کا ثبوت ہے۔
قابل تجدید توانائی میں کمپنی کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں لاگت میں بچت کے ساتھ درآمدی ایندھن پر ملک کا انحصار بھی کم ہوگا۔
پاکستان میں صنعتوں کی جانب سے قابل تجدید توانائی کو اپنانے سے پائیدار حل کی جانب وسیع تر تبدیلی کی نشاندہی ہوتی ہے، جس کی وجہ بجلی کی مسلسل بندش اور بجلی کی بڑھتی لاگت کے دہرے دباؤ ہیں۔
کمپنی کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق لکی سیمنٹ کا بعد از ٹیکس منافع 72.34 ارب روپے رہا جو 21 فیصد سے زائد اضافہ ہے ۔
مالی گوشواروں کے مطابق لکی سیمنٹ کی خالص آمدن گزشتہ سال کے 385.1 ارب روپے کے مقابلے میں تقریبا 7 فیصد اضافے کے ساتھ 410.99 ارب روپے ہوگئی۔
تاہم مالی سال 24 میں فروخت کی لاگت کم ہو کر 287.48 ارب روپے رہ گئی جو گزشتہ سال 291.49 ارب روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔
Comments