پاکستان

ستمبر میں کرنٹ اکائونٹ 119 ملین ڈالر سرپلس ریکارڈ

  • مسلسل دوسرے ماہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا،ترسیلات زر کی آمد میں بڑے پیمانے پر اضافے کی وجہ سے کرنٹ اکائونٹ سرپلس رہا
شائع October 21, 2024 اپ ڈیٹ October 21, 2024 05:15pm

۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 11 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا سرپلس رہا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں یہ خسارہ 21 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔

اس کے علاوہ رواں مالی سال (مالی سال 25) کے دوران مسلسل دوسری بار کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے۔

اگست 2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 75 ملین ڈالر بتایا گیا تھا لیکن اسٹیٹ بینک نے آج کے اعداد و شمار میں اس پر نظر ثانی کرتے ہوئے اسے 29 ملین ڈالر کردیا۔

اس طرح رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 98 ملین ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1.241 ارب ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 92 فیصد کم ہے۔

بریک ڈاؤن

ستمبر 2024ء میں ملک کی اشیاء اور خدمات کی مجموعی برآمدات 3.302 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 2.999 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں۔

دریں اثنا اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2024 کے دوران درآمدات 5.574 ارب ڈالر رہیں جو سالانہ بنیادوں پر تقریبا 15 فیصد اضافہ ہے۔

کارکنوں کی ترسیلات زر 2.849 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہیں۔

کم اقتصادی نمو کے ساتھ ساتھ افراط زر میں اضافے نے پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے میں مدد کی ہے اور برآمدات میں اضافے سے بھی اس میں مدد ملی ہے۔ بلند شرح سود اور درآمدات پر کچھ پابندیوں نے پالیسی سازوں کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو کم کرنے کے مقصد میں بھی مدد کی ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی

مالی سال 2025 کے 3 ماہ میں ملک کی اشیاء اور خدمات کی مجموعی برآمدات کا حجم 9.40 ارب ڈالر رہا۔ اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران درآمدات 16.83 ارب ڈالر رہیں۔

ملک میں کارکنوں کی ترسیلات زر 8.79 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں تقریبا 39 فیصد زیادہ ہیں۔

نقدی کے بحران سے دوچار پاکستان کے لیے کرنٹ اکاؤنٹ اہم ہے جو اپنی معیشت کو چلانے کے لیے درآمدات پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ بڑھتے ہوئے خسارے سے شرح مبادلہ پر دباؤ پڑتا ہے اور سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر ختم ہو جاتے ہیں۔

Comments

200 حروف