پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر ان کا اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان مکمل اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مولانا کی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے ترجمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے تجویز کردہ مسودے کو بغیر کسی تبدیلی کے قبول کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جے یو آئی (ف) کے آئینی ترمیمی مسودے کو بغیر کسی تبدیلی کے قبول کر لیا ہے، پیپلز پارٹی اس ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ کو مضبوط بنانا چاہتی ہے۔

بلاول نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی بات چیت کے عمل میں شامل ہو اور بعد میں شکایت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کو راضی کرنے میں کامیاب ہوں گے۔

پی پی چیئرمین پی کی پریس کانفرنس پی ٹی آئی کے پانچ رکنی وفد کی جانب سے میڈیا کو پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے احوال سے آگاہ کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے اس سارے عمل میں مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہا ہے اور اپنی پارٹی قیادت کو جے یو آئی (ف) کے سربراہ کے ساتھ رابطے جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

Comments

200 حروف