عمران خان کی پی ٹی آئی کو آئینی ترمیم پر فضل الرحمٰن سے رابطے جاری رکھنے کی ہدایت
- 100 سال تک جیل میں رہ سکتا ہوں، سمجھوتہ نہیں کروں گا، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی چیئرمین اور دیگر رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 26 ویں آئینی ترمیم پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشاورت جاری رکھیں۔
یہ بات چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے عمران خان سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔
دو ہفتوں سے زائد عرصے میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی کو جیل میں قید پی ٹی آئی رہنما سے ملنے کی اجازت دی گئی۔
عمران خان نے کہا کہ آئینی ترمیم ایک اہم معاملہ ہے۔ ہمیں مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مزید رابطے جاری رکھنے چاہئیں۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی نے مشاورتی عمل میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد بچھر کے نام شامل کرنے کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اپنے موقف پر قائم ہیں کہ قانون کی حکمرانی اور قومی وقار کو ترجیح دیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی نے واضح کیاہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ 100 سال جیل میں گزاردیں گے لیکن آئین اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
Comments