پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی ”ابھی“ نے شوروک پارٹنرز اور ایمپلیفائی گروتھ پارٹنرشپ کی قیادت میں 15 ملین ڈالر کی کریڈٹ فنانسنگ حاصل کی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق تازہ ترین فنڈنگ سے ابھی کو اپنے آپریشنز بڑھانے اور متحدہ عرب امارات میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے افراد کی خدمت کرنے کے لئے ان کی کمائی ہوئی اجرت تک رسائی (ای ڈبلیو اے) کو مزید وسعت دینے کا موقع ملے گا۔
ابھی نے اب تک متحدہ عرب امارات میں 545,000 ٹرانزیکشنز کے ذریعے تقریباً 55 ملین ڈالر کی ای ڈبلیو اے فراہم کی ہے۔ اس اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے ساتھ ابھی مالی شمولیت کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شوروک پارٹنرز کے ہیڈ آف پرائیویٹ کریڈٹ نیتھن کوان نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ یہ سہولت ابھی کی ملکیتی ٹیکنالوجی کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں خدمات سے محروم کمیونٹیز کی مالی شمولیت کو مزید بڑھائے گی۔
بیان کے مطابق شوروک اور ایمپلیفائی کی مدد سے ابھی اپنی ترقی کو تیز کرنے اور خطے میں اپنی صلاحیتیں منوانے کیلئے تیار ہے۔
ایمپلیفائی گروتھ پارٹنرشپ کے فنڈ ہیڈ شرف شرف نے کہا کہ ہم ابھی میں اس سرمایہ کاری کی مشترکہ قیادت کرنے پر پرجوش ہیں جو مالی خدمات کو تبدیل کر رہی ہے اور کم مالیاتی سہولیات رکھنے والے افراد کو ان کی حاصل کردہ تنخواہوں تک جدید رسائی فراہم کر رہی ہے۔
دوسری جانب ابھی کے سی ای او اور شریک بانی عمر انصاری نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک نمایاں علاقائی سرمایہ کار کی جانب سے مضبوط اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس فنڈنگ کے ساتھ، ہم اپنے اثر کو بڑھانے کے لئے تیار ہیں، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر ملازم، چاہے وہ کسی بھی کردار کا ہو، کو مالی لچک تک رسائی حاصل ہو جس کی انہیں ترقی کرنے کی ضرورت ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور پاکستان پر مشتمل میناپ ریجن تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن سے گزر رہا ہے، فن ٹیک جدت طرازی کے لیے ریگولیٹری سپورٹ میں اضافہ اور مالی شمولیت کی بڑھتی ہوئی مانگ ہے۔
ابھی، ایک پاکستانی فنانشل اسٹارٹ اپ، تنخواہوں تک رسائی، پے رول پروسیسنگ، پے رول فنانسنگ اور ایس ایم ای فنانسنگ سمیت متعدد حل فراہم کرتا ہے۔
فن ٹیک نے 550 سے زائد کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے اور ہب 71 اور اینڈیور سے پہچان حاصل کی ہے اور یہ خطے میں پہلا ادارہ ہے جسے ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے ٹیکنالوجی پائنیئر 2023 ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
Comments