سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے لئے گیم چینجر ہے اور اس کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر 24 گھنٹے کام جاری ہے، عوامی منصوبے کو ڈیڈ لائن سے قبل مکمل کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں۔
ریڈ لائن بی آر ٹی کا مقصد ٹریفک کے رش کو کم کرنا اور لاکھوں کراچی والوں کے لئے پائیدار اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ حل فراہم کرنا ہے۔
کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس ہوا جس کی صدارت سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن اور انسداد منشیات شرجیل انعام میمن نے کی۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، ٹرانس کراچی کی سی ای او شمائلہ محسن، انٹرنیشنل کنسلٹنٹس، کنٹریکٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹرانس کراچی کے نمائندگان نے کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس کے ہمراہ جاری کام پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لاٹ 1 اور لاٹ 2 پر ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
شرجیل انعام نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز تعمیراتی کام کو تیز کرنے کے لئے مربوط کوششیں کریں اور تمام دستیاب وسائل کو مکمل طور پر بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں تیزی لانے کیلئے ائیرپورٹ حکام کے ساتھ بات چیت تیز کی جائے۔ مزید تاخیر کو روکنے کے لئے تمام مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کیا جانا چاہئے.
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments