بغیر سود (ربا) کی مالی خدمات فراہم کرنے کی تحریک جدید دور میں رہنے والے مسلم کمیونٹی کی خواہش سے پیدا ہوتی ہے۔ زیادہ تر نقادوں کا عمومی خیال یہ ہے کہ روایتی اور موجودہ اسلامی بینکاری میں تقریباً کوئی فرق نہیں ہے۔

اسلامی بینک کی ساخت، آپریشن اور مالی معلومات کا انکشاف اس مشاہدے کی تائید کرتا ہے۔

اگر کچھ بنیادی اصولوں کی حقیقی روح میں پیروی کی جائے تو یہ اس تاثر کو تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ یہ مضمون اسلامی مالیات کی تاریخ پر روشنی ڈالتا ہے اور یہ تجویز کرتا ہے کہ رب المال اور مضارب کے تعلق کو کیسے عملی شکل دی جائے، جب اسلامی مالیاتی انتظامات پر غور کیا جائے۔

بنیادی اصولوں پر غور کرنے سے پہلے، یہ جاننا ضروری ہے کہ مسلم علاقوں میں بینکنگ کا آغاز کیسے ہوا۔ اسلامی علاقوں کی بینکنگ کی تاریخ پڑھتے ہوئے یہ واضح ہوتا ہے کہ پہلا عثمانی بینک 1856 میں استنبول میں قائم ہوا۔

1863 سے 1925 تک ”امپیریل عثمانی بینک“ کے نام سے جانا جانے والا، جسے اس کے فرانسیسی مخفف بی آئی او سے بھی جانا جاتا تھا، ایک ایسا بینک تھا جو سلطنت عثمانیہ کی مالی تاریخ میں ایک اہم کردار ادا کرتا تھا۔ بیسویں صدی کے آغاز تک، یہ سلطنت عثمانیہ کا غالب بینک اور دنیا کے بڑے بینکوں میں سے ایک تھا۔

عثمانیوں نے فوجی توسیع دیکھی ، جس میں ویلتھ - پاور - ویلتھ اکویشن میں مینوفیکچرنگ اور صنعت پر زیادہ زور دیا گیا۔ بڑھتی ہوئی صنعتوں اور منڈیوں پر مشتمل سرمایہ دارانہ معاشی نظام کی طرف بڑھتے ہوئے انہوں نے علاقائی توسیع، روایتی اجارہ داریوں، عمارتوں اور زراعت کے راستے پر چلنا جاری رکھا۔ یہ نتیجہ بخوبی اخذ کیا جاسکتا ہے کہ سلطنت کے اسلامی اسکالرز نے سرمایہ دارانہ معاشی نظام کو اپنایا۔

دولت، اقتدار اور دولت کی مساوات کیا ہے؟ پندرہویں صدی سے معاشی، سیاسی اور مذہبی عوامل کے امتزاج نے عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی تھی جس کا سبب اسلامی تہذیب کی کمزوری قرار دیا جاسکتا ہے۔

دوسری طرف مغرب ترقی کررہا تھا اور بینکاری، جو سرمایہ دارانہ نظام کا ایک اہم جزو تھا، کو اسلامی ممالک سمیت تمام ممالک نے اپنایا۔

انیسویں صدی کے آخری ایک چوتھائی حصے (1870-1914) کے دوران سونے کے معیار کی عالمگیر مقبولیت نے دو دھاتی مالیاتی نظام کو تقریبا ختم کردیا۔

اس دور کے دوران نوآبادیاتی مسلم علاقے اپنے مالک یعنی برطانیہ کے کرنسی نظام سے جڑے ہوئے تھے یعنی سونے کی بنیاد پر برطانوی پاؤنڈ کے مساوی رقم کا نظام تھا۔ اسلامی ریاست کا انحصار بھی صدیوں سے برطانوی تاج کے ماتحت رہا ہے۔

منحصر علاقوں کی برطانوی کرنسی پالیسی کے مطابق ان سب میں قانونی کرنسی برطانیہ کے سونے، چاندی اور تانبے کے سکوں پر مشتمل تھی۔

مغرب کی حاکمیت، دولت-اقتدار-دولت کے توازن اور صنعتی ترقی کے لحاظ سے، یہ ظاہر کرتی ہے کہ اسلامی مالیاتی طریقوں کی ترقی اور عملدرآمد کا سوچنے کا طریقہ ایک پیچیدہ بینکنگ ڈھانچے میں ڈھالنا تھا۔

اس بات کا مطلب یہ ہے کہ مغرب کی بالادستی کے سبب اپنے مرضی سے سرمایہ دارانہ نظام کو اسلامی شکل دینے کی کوششیں کی گئیں۔ اردو کے ایک محاورے کے مطابق، ”جس کی لاٹھی، اس کی بھینس“ کا مطلب ہے کہ جس کے پاس طاقت یا دوسروں کو کنٹرول کرنے کے وسائل ہوں وہ ہی ان لوگوں پر حکمرانی کرتے ہیں جنہیں وہ کنٹرول کررہے ہوں، یا دوسرے الفاظ میں یوں کہہ سکتے ہوں کہ جن لوگوں کے پاس طاقت ہو وہ اپنی مرضی سے قطع نظر صحیح غلط کے جو چاہے کرسکتے ہیں۔

اکاؤنٹنگ اینڈ آڈٹنگ آرگنائزیشن فار اسلامک فنانشل انسٹی ٹیوشنز (اے اے او آئی ایف آئی) کے مطابق طریقہ کار یا ساخت کا تجزیہ کرنے سے پہلے اسلامی مالیات کے 3 اہم طریقوں کی تعریف سمجھنے کی ضرورت ہے۔

مرابحہ عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ”منافع حاصل کرنا“۔ یہ اسلامی فنانس میں قرضوں کی جگہ استعمال ہونے والا فنانسنگ طریقہ ہے۔ اسے کوسٹ پلس فنانسنگ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کیونکہ اس میں سود کے بجائے لین دین میں منافع کی شرح شامل ہوتی ہے۔

مضاربہ ایک مالیاتی معاہدہ ہے جہاں ایک اسلامی بینک فنڈز فراہم کرتا ہے اور فنڈز کو مضاربہ میں استعمال کیا جاتا ہے ، جسے ”ٹرسٹی فنانس“ یا غیر فعال شراکت داری معاہدہ بھی کہا جاتا ہے۔

مضاربہ کے معاہدے میں عام طور پر دو فریق شامل ہوتے ہیں: رب المال، یا سرمایہ کار، جو سرمایہ فراہم کرتا ہے، اور مداریب، یا ورکنگ پارٹنر یعنی کام کرنے والے افراد جو مہارت رکھتے ہوں یا محنت کرتے ہوں۔

مشارکت ایک ایسی پروڈکٹ ہے جو مضاربہ سے ملتی جلتی ہے لیکن اس میں کچھ اہم فرق ہے۔ مشارکت ایک شراکت داری ہے جہاں سرمایے کے مالکان منافع اور نقصان کی تقسیم کے لیے دوسرے لوگوں میں حصہ بانٹتے ہیں۔

متبادل کے فقدان کی وجہ سے اسلامی مالیاتی طریقے جدید روایتی بینکنگ کے ڈھانچے کو اپنانے کے ذریعے متعارف کرائے گئے: روایتی بینکنگ کے بنیادی اصول سہ طرفہ تعلقات پر مبنی ہوتے ہیں، یعنی جمع کنندہ، بینک اور کاروباری شخص، جبکہ اسلامی مالیات کا سب سے پسندیدہ طریقہ یعنی مضاربہ اور مشارکت دو فریقوں کے تعلقات پر مشتمل ہے یعنی رب المال اور مضارب۔ ماجدہ اسماعیل عبد المحسن نے ”دی پریکٹس آف اسلامک بینکنگ سسٹم“ میں اس تین طرفہ تعلق کو شاندار طریقے سے بیان کیا ہے۔

سوڈانی اسلامی بینکاری (ایس آئی بی) نظام کی ساخت: جرنل آف اکنامک کوآپریشن سے اقتباس

ایس آئی بی کا ڈھانچہ اسی طرح کا ہے جو 1963 میں مصری ماہر اقتصادیات احمد النجار نے پیش کیا تھا۔ اس نئے سوڈانی اسلامی بینکاری ڈھانچے کا بنیادی خیال روایتی مضاربہ کو ایک جدید پیچیدہ نظام میں شامل کرنا ہے تاکہ سود سے پاک بینکاری نظام تشکیل دیا جاسکے (سیزاکا، 1996، صفحہ 195-198)۔

اسلامی بینک حقیقت میں سینکڑوں یا ہزاروں سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ یہ تین اہم گروہوں کے ساتھ دو سطحی شراکت داری ہے: جمع کنندگان / سرمایہ کار رب المال، اسلامی بینک اور کاروباری افراد (جن کے ساتھ اسلامی بینک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کرتا ہے اور جن کو وہ فنانس فراہم کرتا ہے)۔

سب سے پہلے، ذمہ داری کے پہلو پر، اسلامی بینک اپنے سرمایہ کاروں سے تمام فنڈز جمع کرتے ہیں۔ پھر انہیں ان فنڈز کا استعمال کاروباری افراد کی مالی معاونت کے لیے کرنا ہوتا ہے۔ یہاں یہ ذکر کرنا ضروری ہے کہ اسلامی بینک دو کردار کے حامل ہوتے ہیں۔

پہلے مرحلے میں، وہ ایک مضارب کی حیثیت سے کام کرتے ہیں جسے سرمایہ کار اپنی بچت سونپتے ہیں اور دوسرے مرحلے میں وہ خود ایک بڑے سرمایہ کار کا کردار سنبھالتے ہیں جو متعدد کاروباری افراد کی مالی معاونت کرتا ہے۔

اس لیے اسلامی بینکنگ کی خصوصیت اس مقام پر مضارب سے رب المال میں تبدیل ہو جاتی ہے جب وہ ان کاروباری افراد کے ساتھ شراکت کے معاہدے پر دستخط کر لیتے ہیں۔ اس صورت میں بینک ایک بنیادی رب المال کی حیثیت سے کام کرتا ہے اور کلائنٹ مضارب کی حیثیت رکھتا ہے۔

چاہے شراکت کا کوئی بھی فارم استعمال کیا جائے، ہر کاروباری شخص کا منافع بینک کے ساتھ دستخط کردہ معاہدے کی شرائط کے مطابق تقسیم کیا جاتا ہے۔ بینک کا تمام منصوبوں سے حاصل کردہ منافع ایک ریزرو میں جمع کیا جاتا ہے۔ یہ منافع کا ذخیرہ بینک اور معروف سرمایہ کاری اکاؤنٹس کے حاملین کے درمیان تقسیم کیا جاتا ہے۔

سوڈان میں اسلامی بینکوں کے ڈھانچے اور احمد النجار کے پیش کردہ ڈھانچے کے درمیان صرف ایک فرق یہ ہے کہ النجار کے مطابق، صرف مضاربہ یا مشارکت کو دوسرے مرحلے میں درمیانی اور طویل مدتی مالیات کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے (سیزاکا، 1996، صفحہ 195-198، 203)۔

اس کے برعکس دیگر مسلم ممالک کی طرح سوڈان میں بھی مرابحہ شامل ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اگر اسلامی بینک النجار کی تجویز کے مطابق مضاربہ یا مشارکت پارٹنرشپ کا سہارا لیتے رہے تو ان کا کام وینچر کیپٹل کمپنیوں کی طرح ہوگا جو ترقی یافتہ ممالک میں بہت کامیاب ہیں۔

لہٰذا اس بات کی تعریف کی جانی چاہیے کہ لین دین کا مادہ (روح) شکل (ہڈی) سے زیادہ اہم ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ دراصل لین دین کی نوعیت اور ساخت ہے جو اسے اسلام کے احکام کے مطابق جائز یا ناجائز بناتی ہے۔

اگر لین دین شریعت کے مطابق ہو تو جائز ہے اور اگر شریعت کے مطابق نہ ہو یا شریعت کے مطابق ہونے میں شک ہو تو ایسا لین دین جائز اور اسلام کے خلاف ہے۔

آج کی دنیا میں عوام کے وسائل کو جمع کرنا اور بینک کے شیئر ہولڈرز کے پول کو مضاربہ اور مشارکت کی بنیاد پر لین دین کی حقیقت بنانا چاہیے۔ اس سے بینک کی دہری شخصیت ختم ہو جائے گی یعنی ایک بار مضارب کے طور پر اور پھر رب المال کے طور پر۔

اگر ہم مضاربہ کی تعریف کو غور سے پڑھیں تو پتہ چلتا ہے کہ کاروبار یا تجارت کے لیے کوششیں کاروباری افراد کی جانب سے کی جاتی ہیں نہ کہ اسلامی بینک کی طرف سے مضارب کے طور پر؛ بلکہ یہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ شراکت دار کی حیثیت سے وسائل کو یکجا کرتے ہیں۔

جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے، بینکنگ سرمایہ داری کا ایک اہم جزو ہے جو تمام ممالک بشمول اسلامی ممالک کے ذریعہ اختیار کیا گیا۔

تین طرفہ مالیاتی انتظام دونوں مضاربہ اور مشارکت کی روح کو منفی کرتا ہے، کیونکہ اس کے لیے جمع کنندہ کے پیسوں اور بینک کے سرمایہ کو بالترتیب رب المال اور کاروباری فرد مضارب کے طور پر یکجا کیا جا سکتا ہے۔

اگر اسلامی بینک کی ایکویٹی اور جمع کنندگان کے فنڈز کو ایک پول میں ملا دیا جائے، تو پول کی خالص آمدنی/نقصان اسلامی بینک کی ایکویٹی اور جمع کنندگان کے فنڈ کے درمیان ان کے حصص کے تناسب سے تقسیم کی جائے گی۔ یہ واضح طور پر اسلامی بینک کو ڈپازٹرز کے ہم پلہ قرار دیتا ہے۔

اس لیے، تقسیم کے معاملے میں دہری شخصیت کا کردار ختم ہو جاتا ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ اسلامی بینک مضاربہ اسلامی مالیات میں دوسرے فریق کے طور پر کوششیں نہیں کر رہا، بلکہ کاروباری فرد ہی یہ کام کر رہا ہے۔

اسلامی بینکوں کو مضاربہ کی تعریف کے مطابق تمام عملی مقاصد کے لیے رب المال کے طور پر شمار کیا جانا چاہیے، جو کہ جمع ڈپازٹرز کے متوازی ہے۔

دوسرے الفاظ میں ڈپازٹرز اور اسلامی بینک کی ایکویٹی کو ملا کر پہلے فریق کی حیثیت سے سرمایہ فراہم کرنا اور کاروباری فرد کو دوسرے فریق کے طور پر محنت اور کوششیں کرنے کے لیے سمجھا جانا چاہیے، تاکہ مضاربہ مالیات کی تعریف کی روح کو پورا کیا جا سکے۔ یہ تجارت کی روح کو یقینی بنائے گا، جو کہ جائز ہے۔

مندرجہ بالا مشاہدات کے پیش نظر تجارتی طریقوں پر عمل کرنے پر زور دیا جانا چاہئے لہذا اسلامی فنانس کا سب سے پسندیدہ طریقہ یعنی مضاربہ اور مشارکہ کو بنیاد بنایا جائے، یعنی ریسورس پول جس میں اسلامک بینک کی ایکویٹی اور ڈپازٹرز کا پیسہ شامل ہو۔

اسلامک بینکوں کی فنانشل انفارمیشن میں ڈپازٹرز کی جانب سے کمائے گئے منافع کا موجودہ انکشاف روایتی بینکاری ڈھانچے کی عکاسی کرنے کی ایک واضح اور کافی مثال ہے۔

لہٰذا مالی معلومات کے انکشافات کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ڈپازٹرز اور شیئر ہولڈرز کے درمیان تقسیم کے لیے ایک حقیقی اور منصفانہ نقطہ نظر پیش کیا جا سکے جسے مشترکہ طور پر (رب المال) کہا جاتا ہے۔

اسلامی بینکاری نظام کے قیام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انہیں تفویض کردہ رقوم کی نفع و نقصان کی شراکت داری کے ذریعے سرمایہ کاری کی جائے اور منافع (سود) کے ساتھ کسی بھی قسم کے لین دین (سود) سے گریز کیا جائے، جس کی قرآن و سنت میں سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

کسی حد تک موجودہ اسلامی بینکاری نظام نے مرابحہ، مضاربہ، مشارکہ وغیرہ کا سہارا لے کر سود کو کم سے کم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ مضاربہ اور مشارکہ کو ترجیح دے کر اور مرابحہ کے استعمال کو کم کرکے اسلامی بینک سود سے مکمل طور پر دور رہ سکتے ہیں اور فنانسنگ میں وینچر کیپٹل کمپنیوں کی طرح کامیاب ہو سکتے ہیں، اور روایتی بینکاری سے الگ ہو سکتے ہیں جو عالمی معیشت پر سرمایہ دارانہ نظام کا اہم جزو ہے۔

Comments

200 حروف