پی پی ایل کے ماتحت ادارے نے عراق کی مڈلینڈ آئل کمپنی کے ساتھ 60 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کرلیا
پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے ماتحت ادارے پی پی ایل ایشیا ای اینڈ پی بی وی (پی پی ایل ایشیا) نے عراق میں بلاک 8 کے لیے مڈلینڈ آئل کمپنی (ایم ڈی او سی) کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن (ای اینڈ پی) کمپنیوں میں سے ایک پی پی ایل نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
پی پی ایل نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ اس کے ماتحت ادارے پی پی ایل ایشیا ای اینڈ پی بی وی (پی پی ایل ایشیا) نے مڈلینڈ آئل کمپنی (ایم ڈی او سی) کے ساتھ باہمی طور پر سازگار سمجھوتہ کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس تصفیے نے عراق میں بلاک 8 کے لیے ایکسپلوریشن، ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن سروس کنٹریکٹ (ای ڈی پی ایس سی) سے متعلق تمام معاملات کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔
معاہدے پر 6 اکتوبر 2024 کو بغداد، عراق میں پی پی ایل ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اے عمران عباسی اور ایم ڈی او سی کے ڈائریکٹر جنرل محمد یاسین حسن نے باضابطہ طور پر دستخط کیے۔
پی پی ایل کے مطابق معاہدے کی شرائط کے تحت ایم ڈی او سی تیسرے فریق کے ذریعے پی پی ایل ایشیا کو 6 ملین ڈالر کی خالص ادائیگی کرے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تصفیہ عراقی حکام کے ساتھ مسلسل مذاکرات کا نتیجہ ہے، جو پی پی ایل ایشیا اور کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جس نے اپنے مالی مفادات کو محفوظ بناتے ہوئے بلاک 8 میں اپنے معاہدے کو کامیابی سے مکمل کیا ہے۔
پی پی ایل کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران کمپنی کا بعد از ٹیکس منافع (پی اے ٹی) تقریبا 19 فیصد اضافے کے ساتھ 115.48 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
مالی سال 24 میں فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 42.44 روپے ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 35.73 روپے تھی۔ ماہرین نے کہا کہ آمدنی مارکیٹ کی توقعات سے کم تھی۔
پی پی ایل کو 1950 میں پاکستان میں شامل کیا گیا تھا جس کا بنیادی مقصد تیل اور قدرتی گیس کے وسائل کی تلاش، دریافت، ترقی اور پیداوار کرنا تھا۔
Comments