ماسکو میں تین روزہ پاکستان روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری مکمل طور پر محفوظ ہے، تمام شعبوں میں کاروبار کا فروغ جاری ہے اور خاص طور پر باہمی کاروباری سرگرمیوں کی بنیاد پر روس اور پاکستان کے درمیان مشترکہ منصوبوں کی وسیع گنجائش موجود ہے۔
علیم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان تجارت کا حجم ایک ہزار ملین ڈالر سے زائد تھا کیونکہ ہم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور زمینی راستے سے رابطے رکھتے ہیں کیونکہ اب دونوں ممالک نے ٹرانسپورٹیشن معاہدے پر عمل درآمد کیا ہے۔
ماسکو میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ سفارتی، تجارتی اور باہمی تعلقات ہیں جن کو مزید بڑھایا جاسکتا ہے کیونکہ آبادی اور مارکیٹوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔
علیم خان نے کہا کہ پاکستان نے روس کے ساتھ تجارت بالخصوص برآمدات میں آئندہ پانچ سال کا روڈ میپ تیار کیا ہے اور اس فورم کا مقصد دونوں ممالک کے لیے بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی ہے۔
علیم خان نے اپنے خطاب میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے درمیان حالیہ ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو تجارت اور ٹرانزٹ کا مرکز بنانا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کو ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو کم سے کم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان روس کو چمڑا، ٹیکسٹائل، کپڑے، پھل، چاول، سبزیاں، سرجیکل اور طبی سامان برآمد کرتا ہے۔ اسی طرح مختلف آلات، کٹلری، ریڈی میڈ گارمنٹس اور دیگر مصنوعات بھی پاکستان سے روس برآمد کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس سے ہم خام تیل، معدنی کوئلہ، فروزن سبزیاں، مصنوعی ربڑ اور مختلف کیمیکل درآمد کرتے ہیں۔
علیم خان نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو قریب لایا جاسکتا ہے تاکہ ملکی سطح پر تجارتی حجم میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم میں پاکستان کی 70 کمپنیوں اور روس کے 100 سے زائد کاروباری افراد کی شرکت کا خیر مقدم کیا۔
اس تناظر میں ، انہوں نے خاص طور پر روس کے نائب وزیر تجارت اور صنعت الیکسی گروزدیو کا شکریہ ادا کیا۔
روس میں پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی اور وزیر تجارت شوکت حیات بھی ماسکو میں اس بزنس فورم کے انعقاد کے لیے سرگرم رہے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments