ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ڈی پی سی) نے منگل کے روز اپنے ممبر بینکوں کے تمام اہل ڈپازٹرز کے لئے گارنٹی کی رقم 500،000 روپے سے بڑھا کر 1,000,000 روپے کردی ہے جس کا اطلاق کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلے کے مطابق یکم اکتوبر 2024 سے ہوگا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ماتحت ادارے ڈی پی سی نے ایک بیان میں کہاکہ یہ اضافی گارنٹی رقم اب تقریبا 96 فیصد اہل ڈپازٹرز کو مکمل تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ڈپازٹ پروٹیکشن اسکیم کا بنیادی مقصد ڈپازٹرز کے مفادات کا تحفظ اور بینکنگ سیکٹر میں ان کے اعتماد کو مزید بڑھانا ہے۔

ڈی پی سی نے کہا کہ اس اقدام سے ملک میں مالی استحکام میں بھی مدد ملے گی۔

ڈی پی سی کے مطابق ڈپازٹ پروٹیکشن کی سہولت تمام اہل ڈپازٹرز پر لاگو ہوتی ہے اور اس کے لیے ڈپازٹرز سے کسی فیس کی ضرورت نہیں ہوتی۔

گارنٹی کی رقم یا محفوظ ڈپازٹ صرف اس صورت میں قابل ادائیگی ہوتی ہے جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کسی بینک کو ناکام بینک قرار دیتا ہے اور کسی بھی دوسرے حالات میں قابل ادائیگی نہیں ہے۔

Comments

200 حروف