پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں مسلح افراد نے 7 مزدوروں کو قتل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ مسلح افراد نے مشرقی صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی۔

اس ضمن میں پنجگور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سید فاضل شاہ نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ پنجگور شہر کے علاقے خدا آبادان میں نامعلوم مسلح افراد نے سات مزدوروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

اگست میں بلوچستان کو اس وقت سب سے زیادہ پرتشدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا جب عسکریت پسندوں نے تھانوں، ریلوے لائنوں اور شاہراہوں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائیاں شروع ہوئیں۔

دہشتگردی کے ان واقعات میں70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں پنجاب سے مزدوری کیلئے آنے والے شہری بھی شامل تھے جنہیں گاڑیوں سے اتار کر قتل کیا گیا تھا۔

Comments

200 حروف