دفتر خارجہ نے بدھ کے روز پاکستانی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران لبنان کا سفر نہ کریں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان میں حالیہ حملوں کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تاحکم ثانی لبنان کا سفر نہ کریں۔
بیان میں لبنان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تجارتی پروازوں پر سفر کریں جو اب بھی دستیاب ہیں۔
بیان کے مطابق جو لوگ مخصوص وجوہات کی بنا ء پر لبنان نہیں چھوڑ سکتے انہیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتہائی احتیاط برتیں اور محفوظ علاقوں میں منتقل ہوجائیں۔
پاکستانی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مندرجہ ذیل نمبروں پر بیروت میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں رہیں:
موبائل/ واٹس ایپ:
961-81669488+ 961-81815104+
ای میل: [email protected]
لبنان کے وزیر صحت فراس ابیاد نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بدھ کے روز لبنان پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 افراد جاں اور 223 زخمی ہوئے۔
حزب اللہ نے موساد کے ہیڈکوارٹر کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز آزادانہ طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکا کہ کس قسم کا راکٹ فائر کیا گیا ہے۔
دریں اثنا عالمی رہنماؤں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے متوازی جاری تنازع تیزی سے شدت اختیار کر رہا ہے کیونکہ لبنان میں اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ہزاروں افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
رواں ہفتے اسرائیلی فضائی حملوں میں حزب اللہ کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور لبنان کے اندر سیکڑوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ داغے ہیں۔
بدھ کی صبح حزب اللہ کا حملہ جنگ کے آغاز کے بعد پہلا موقع تھا کہ اس کا ایک میزائل اسرائیل کے اقتصادی دارالحکومت تل ابیب کے اوپر دیکھا گیا اور اسے اسرائیلی کارروائی میں اضافے کا امکان رکھنے والے ہدف کے طور پر دیکھا گیا۔
مہلک ترین دن
پیر کے روز بمباری میں شدت آنے کے بعد سے لاکھوں لبنانی اپنے گھروں سے نقل مکانی کر چکے ہیں اور اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ یہ لبنان میں 1975 سے 1990 تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے بعد کا سب سے تباہ کن ترین دن ثابت ہوا ہے جس میں 550 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
بدھ کے روز بھی حملے جاری رہے۔ اسرائیل نے کہا کہ اس کے جنگی طیارے جنوبی لبنان اور بقاء وادی میں بڑے پیمانے پر حملے کر رہے ہیں جو شمال میں حزب اللہ کا مضبوط گڑھ ہے۔
Comments