بین الاقوامی نرخوں میں اضافے کے پیش نظر پاکستان میں سونے کے نرخوں میں اضافے کا سلسلہ بدھ کو بھی برقرار رہا۔ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 2500 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 75 ہزار 500 روپے ہوگئی جو سونے کی قیمتوں کی نئی بلند ترین سطح ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 2144 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 36 ہزار 197 روپے ہوگئی۔
منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 1100 روپے اضافے سے 2 لاکھ 73 ہزار روپے ہوگئی تھی۔
دریں اثنا بدھ کے روز سونے کی بین الاقوامی قیمت میں اضافہ ہوا۔ اے پی جی جے ایس اے کے مطابق قیمت فی اونس سونے کی قیمت 25 ڈالر کے اضافے سے 2,653 ہوگئی ہے۔ چاندی کی فی تولہ قیمت 100 روپے اضافے سے 3 ہزار 50 روپے ہوگئی۔
منگل کو پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 73 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
ماہرین نے سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا سبب عالمی سطح پر ہونے والی پیشرفت کو قرار دیا ہے جن میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتا جغرافیائی تناؤ، فیڈ کی شرح میں کمی، چین اور بھارت جیسے بڑے بازاروں سے بڑھتی طلب شامل ہیں۔
Comments