واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے پاور ڈویژن سے منگلا پاور ہاؤس کے ٹنل ون (یونٹ اور 2) کو 18 ماہ کے لیے بند کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ پاور ہاؤس کی استعداد کار میں 310 میگاواٹ کا اضافہ کیا جا سکے۔

سیکرٹری وزارت آبی وسائل کو لکھے گئے خط میں ممبر (پاور) واپڈا نے کہا ہے کہ اس نے منگلا ہائیڈل پاور اسٹیشن کی پیداواری یونٹس کی بحالی کا کام شروع کیا ہے تاکہ اس کی صلاحیت کو 1000 میگاواٹ سے بڑھا کر 1310 میگاواٹ کیا جا سکے جس کا مقصد نیشنل گرڈ کو مزید 30 سے 35 سال کے لئے قابل اعتماد/ مستقل بجلی فراہم کرنا ہے۔

اس منصوبے کی منظوری قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 31 دسمبر 2023 کو دی تھی۔

واپڈا کے مطابق 6 یونٹس (1 سے6) کا ٹھیکہ 29 اگست 2016 کو میسرز جی ای ہائیڈرو فرانس کو دیا گیا تھا اور پہلے دو یونٹس (5 اور 6) کا ٹھیکہ نومبر 2017 میں کنٹریکٹر کے حوالے کیا گیا تھا۔ پہلے مرحلے میں یونٹ 5 اور 6 کو 28 فروری 2022 کو شروع کیا گیا تھا اور یہ یکم اپریل 2022 سے کمرشل آپریشن کے لئے دستیاب تھے۔

یونٹ 3 اور 4 کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے اور یونٹ نمبر 3 اور 4 کی تکمیل کی متوقع تاریخ بالترتیب 2 جولائی 2024 اور 11 ستمبر 2024 تھی۔

معاہدے کے مطابق اگلے مرحلے میں یونٹ 1 اور 2 کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔

مزید برآں واپڈا نے 13 ستمبر 2023 کو لکھے گئے خط میں سیکرٹری آبی وسائل سے درخواست کی تھی کہ وہ مارچ 2024 کے پہلے ہفتے سے سرنگ نمبر 1 (یونٹ 1 اور 2) پر 18 ماہ کے شٹ ڈاؤن کی اجازت دینے کے لیے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) سے رابطہ کریں۔

31 مئی 2024 کے جی ای کے اپ ڈیٹ شدہ مجموعی ٹائم شیڈول (او ٹی ایس) کے مطابق ، یونٹ نمبر 1 اور 2 کے لئے بندش کی تاریخ پر نظر ثانی کی گئی ہے جو 12 اکتوبر ، 2024 ہے۔

واپڈا کا کہنا ہے کہ پہلے سے مانگی گئی تاریخ گزر چکی ہے اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور نیشنل پاور کنٹرول سینٹر (این پی سی سی) سے ابھی تک کوئی منظوری موصول نہیں ہوئی ہے۔

اس کے پیش نظر واپڈا نے سیکرٹری وزارت آبی وسائل سے درخواست کی ہے کہ وہ ٹنل نمبر 01 شٹ ڈاؤن (یونٹ 1 اور 2) کے 18 ماہ کے لیے نظر ثانی شدہ شیڈول کا معاملہ پاور ڈویژن کے ساتھ اٹھائیں تاکہ دفتر ضروری تیاریوں کے لیے آسانی سے آگے بڑھ سکے اور تعمیر و مرمت کی سرگرمیوں میں کسی بھی ممکنہ تاخیر سے بچا جا سکے۔

واپڈا منگلا تعمیر و مرمت کے منصوبے پر 52.224 ارب روپے کی منظور شدہ پی سی ون لاگت سے عملدرآمد کر رہا ہے۔ یہ منصوبہ مختلف مراحل میں چلایا جا رہا ہے جس میں ایک وقت میں ایک سرنگ (دو پیداواری یونٹ) کو بند کرکے پیداواری یونٹوں کی تعمیر و مرت کی جائے گی۔

تعمیر و مرمت کے کاموں کو 11 مختلف پیکیجوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پیکج الیون پر دستخط کرنے سے قبل نو دیگر پیکجز پہلے ہی دیے جا چکے ہیں جبکہ چار پیکجز پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ پہلے دو یونٹوں کی تعمیر و مرت 2022 میں مکمل کی گئی تھی ، جبکہ تمام 10 پیداواری یونٹوں کی تعمیر و مرمت سال 27-2026 تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

منگلا تعمیر و مرمت منصوبہ مکمل ہونے پر نیشنل گرڈ کو سالانہ اوسطا 1610 ملین یونٹ اضافی بجلی فراہم کرے گا۔ یو ایس آئی اے ڈی نے اس مقصد کے لئے 98 ملین ڈالر کی رقم بھی فراہم کی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف