الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بدھ کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کی تیاری کے لیے مزید وقت کی درخواست کے جواب میں الیکشن کمیشن نے پارٹی قیادت کو اضافی وقت دے دیا۔

الیکشن کمیشن کے رکن نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کے روبرو تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر پارٹی کی جانب سے پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن بلوچستان کمیٹی کے ایک رکن نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پشاور کے علاقے چمکنی میں ہوئے؟ بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ انتخابات صرف اسلام آباد میں ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے متنبہ کیا کہ اگر انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم نہیں کیا گیا تو تحریک انصاف کو تنظیمی ڈھانچے کے بغیر غیر یقینی مستقبل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایک متعلقہ پیشرفت میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پیر کے روز سپریم کورٹ کے تازہ حکم نامے پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اجلاس کی صدارت کی تاہم اجلاس میں متعلقہ عملی منصوبے کو حتمی شکل دینے میں ناکامی ہوئی۔

انتخابی ادارے کی شدید سرزنش کرتے ہوئے ہفتے کے روز مخصوص نشستوں کے مقدمے میں اکثریتی ججوں کی جانب سے جاری کردہ چار صفحات پر مشتمل وضاحتی حکم نامے میں کہا گیا کہ ان کے سامنے پیش کیے گئے ریکارڈ اور مختصر فیصلے کی روشنی میں غور کرنے کے بعد یہ بات واضح ہے کہ کمیشن کی طرف سے طلب کی گئی وضاحت محض من گھڑت جواز اور تاخیری حربے ہیں جس کا مقصد عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر، اسے ناکام بنانا اور رکاوٹیں ڈالنا ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ یہاں تک کہ قانون کے بنیادی اصولوں کے اطلاق پر بھی کمیشن کی طرف سے دائر کی گئی درخواست غلط تصور کی جاتی ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ متعلقہ قومی اسمبلی کے ارکان تحریک انصاف کے منتخب نمائندے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی سرزنش کرتے ہوئے 8 ججز نے نوٹ کیاکہ کمیشن کی جانب سے آئین اور قانون کے تحت واضح بات کو مبہم کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کی جانی چاہیے— تاہم کمیشن کی جانب سے قانونی ذمہ داری کو ادا کرنے میں مسلسل ناکامی اور انکار کے نتائج ہو سکتے ہیں۔ اس ذمہ داری کو فوری طور پر پورا کیا جانا چاہیے۔

تاحال الیکشن کمیشن متعلقہ قومی اسمبلی کے ارکان کو تحریک انصاف کے منتخب نمائندے کے طور پر نوٹیفائی کیا ہے اور نہ ہی پارٹی کو مخصوص نشستیں الاٹ کی ہیں۔

Comments

200 حروف