امریکہ کے قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور جان باس پیر کے روز تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے سول اور فوجی قیادت سے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے سمیت اقتصادی اور سیکیورٹی امور پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کے روز امریکی مشن کے ترجمان جوناتھن لیلی کے مطابق قائم مقام نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ترجمان نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے اور علاقائی استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کی اہمیت سمیت اقتصادی اور سیکیورٹی امور پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ انڈر سیکریٹری جان باس نے امریکہ میں افغانوں کی آبادکاری میں مدد کے لیے پاکستان کے مسلسل تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
ترجمان کے مطابق انڈر سیکرٹری نے 26-2025 کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی اور اس مدت کے دوران حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے میں امریکہ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
دریں اثنا دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ جان باس اور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاک امریکا دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان مثبت اور نتیجہ خیز روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
قائم مقام انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ فار پولیٹیکل افیئرز جان باس نے وزارت خارجہ میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے وفود کی سطح پر بات چیت کی۔
فریقین نے تجارت، توانائی، سلامتی، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور انسداد دہشت گردی سے متعلق موجودہ مذاکراتی میکانزم پر پیش رفت سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔
سیکرٹری خارجہ نے پاکستان کی جانب سے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو دی جانے والی اہمیت کا ذکر کیا۔
انہوں نے دوطرفہ میکانزم بالخصوص اقتصادی اور دفاعی شعبوں کو اپ گریڈ کرنے اور ایک وسیع بنیاد اور بامعنی دوطرفہ تعلقات کی تعمیر کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انڈر سیکرٹری جان باس نے باہمی دلچسپی کے امور پر ٹھوس بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر سیکرٹری خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا معیشت کو مستحکم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا خواہاں ہے۔
اعلیٰ امریکی سفارت کار نے سیلاب اور دہشت گرد حملوں جیسے حالیہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کی جانب سے دکھائے گئے عزم کی تعریف کی۔
انڈر سیکریٹری جان باس ایک وفد کے ہمراہ پیر کی علی الصبح تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچے۔ نور خان ایئربیس پر وزارت خارجہ اور امریکی سفارت خانے کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments