7ارب ڈالر کا پروگرام آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے 25 ستمبر کے ایجنڈے میں شامل
- حکومت نے بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانیوں کا انتظام کرلیا ہے، گورنر اسٹیٹ بینک
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہوگا جس میں پاکستان کے ساتھ جولائی میں طے پانے والے 7 ارب ڈالر کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ بات آئی ایم ایف ترجمان نے جمعرات کو بتائی ہے۔
آئی ایم ایف کی ترجمان جولی کوزاک نے پریس بریفنگ میں کہا کہ بورڈ کا اجلاس 25 ستمبر کو ہونا ہے اور یہ پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں سے ضروری مالی یقین دہانیوں کے بعد منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ دوست ممالک نے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پروگرام حاصل کرنے سے متعلق ضروری شرائط پوری کرنے میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
دوسری جانب مرکزی بینک کے گورنر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانیوں کا انتظام کرلیا ہے اور امید ہے کہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ رواں ماہ کے دوران پاکستان کے قرض پروگرام کی منظوری دے گا۔
مانیٹری پالیسی کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے جمیل احمد نے کہاکہ حکومت نے بیرونی فنانسنگ کا انتظام کرلیا ہے، ہمیں امید ہے کہ آئی ایم ایف ستمبر میں پاکستان کیلئے پروگرام کی منظوری دے گا۔
پاکستان نے جولائی میں آئی ایم ایف کے ساتھ تین سالہ پروگرام کے لیے اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے تاہم پروگرام کے حصول کیلئے پاکستان کو آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے حتمی منظوری درکار ہے۔
بیرونی فنانسنگ کی یقین دہانیوں کی تصدیق کو منظوری میں رکاوٹ کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے کہا تھا کہ حکومت بیرونی فنانسنگ کے بارے میں یقین دہانی حاصل کرنے کے ”آخری مراحل“ میں ہے۔
Comments