پاکستان

سعودی سفیر اور وزیر خزانہ کا معیشت پر تبادلہ خیال، ملکی ایجنڈے کے حوالے سے حکومت کا نقطہ نظر واضح کیا

  • پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اہم ہیں، اورنگزیب
شائع September 12, 2024

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے معیشت کے اہم شعبوں میں جامع ادارہ جاتی اصلاحات پر مبنی ملکی اقتصادی ایجنڈے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے بدھ کے روز فنانس ڈویژن میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات اہم ہیں، جو حکومت کے پالیسی ایجنڈے کی بنیاد ہیں۔

سینیٹر اورنگزیب نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل اقتصادی حمایت کو سراہتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان کے نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور کاروباری تعاون میں نئی دلچسپی کو اجاگر کیا۔

وفاقی وزیر نے رواں سال اپریل میں واشنگٹن کے دورے کے دوران سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد الجدعان اور سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے سی ای او سلطان عبدالرحمان المرشاد کے ساتھ اپنی مثبت ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے مئی میں سعودی عرب سے اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کے دورہ پاکستان کے اہم نتائج کا ذکر کیا جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا، دوطرفہ تعاون کو بڑھانا اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانا ہے۔

ملاقات کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے کرنسی استحکام، افراط زر میں کمی، ترسیلات زر میں اضافے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا دانشمندانہ انتظام اور زرمبادلہ کے ذخائر جیسے اہم اشاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کی مثبت معاشی سمت کا خاکہ پیش کیا۔

نواف بن سعید المالکی نے ڈھانچہ جاتی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے لئے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے کے لئے مملکت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کے بے پناہ امکانات کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ توقع ہے کہ سعودی تجارتی وفد آنے والے مہینوں میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ مشترکہ منصوبوں اور مشترکہ سرمایہ کاری کے شعبوں کو مزید تلاش کیا جاسکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف