پاکستان میں فرٹیلائزر پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) نے ایگری ٹیک لمیٹڈ کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

یوریا و گرینولیٹیڈ سنگل سپر فاسفیٹ کھاد کی پیداوار اور فروخت میں مصروف ایگری ٹیک لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

کمپنی کو فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کی دفعہ 111 کے تحت طے شدہ حد سے زیادہ کمپنی کے حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کا نوٹس موصول ہوا ہے۔

ایف ایف سی نے انٹیگریٹڈ ایکوئٹیز لمیٹڈ (آئی ای ایل) کو منیجر مقرر کیا ہے۔

ایف ایف سی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی ایک لسٹڈ کمپنی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس کے 44.35 فیصد حصص فوجی فاؤنڈیشن (ایف ایف) کے پاس ہیں جو کمپنی کا سب سے بڑا شیئر ہولڈر ہے۔

کمپنی کی بنیادی سرگرمی کھادوں اور کیمیکلز کی مینوفیکچرنگ، خریداری اور مارکیٹنگ ہے، جس میں دیگر کھاد، کیمیکل، سیمنٹ، توانائی کی پیداوار، فوڈ پروسیسنگ اور بینکنگ آپریشنز میں سرمایہ کاری شامل ہے.

ایف ایف سی نے 30 جون 2024 ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران 25.01 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے 12.44 ارب روپے کے مقابلے میں دگنے سے بھی زیادہ ہے۔

دریں اثناء 30 جون 2024ء کو ختم ہونے والی ششماہی کی عبوری مالی رپورٹ کی بنیاد پر ایگری ٹیک لمیٹڈ کے عام حصص کی مجموعی تعداد 42 کروڑ 46 لاکھ 45 ہزار 119 ہے جن کی قیمت 10 روپے ہے۔

جے ایس گلوبل سیکیورٹیز نے ایک نوٹ میں کہا کہ اے جی ایل میں یوریا کی پیداواری صلاحیت 433 ہزار ٹن اور ایس ایس پی کی سالانہ صلاحیت 81 ہزار ٹن ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ممکنہ حصول کے نتیجے میں ہم آہنگی پیدا ہونے کی توقع ہے جس سے مشترکہ انٹرپرائز کی قدر میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

Comments

200 حروف