اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی کرنسی نوٹوں کے سیریز کے ڈیزائن کے مقابلے کے فاتحین کا اعلان کرتے ہوئے ڈیزائنز کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے جنوری 2024 میں موجود تمام مالیتوں کے نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائننگ اور اجرا کے عمل کا آغاز کیا گیا تھا۔

مرکزی بینک نے مارچ میں نئے کرنسی نوٹوں کی سیریز کیلئے جدید اور موضوعاتی ڈیزائن آئیڈیاز رکھنے کیلئے ایک آرٹ مقابلے کا اعلان کیا تھا۔

مقابلے میں ڈاکٹر شیری عابدی، ہارون خان، سید فواد حسین، میمونہ افضل، ہادیہ حسن اور نورین اسلم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح مرزا سفیان، عینی زہرہ اور کریم محمد کو دوسرا انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ ہر مالیت کے پہلے، دوسرے اور تیسرے ڈیزائن کو بالترتیب 10 لاکھ، 5 لاکھ اور 3 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے منتخب کردہ نوٹوں کے ڈیزائن درج ذیل ہیں:

شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائن اپنی نوعیت کے ہیں اور انہیں بین الاقوامی ڈیزائنرز کے ساتھ شیئر کیا جارہا ہے جنہیں اسٹیٹ بینک کے ساتھ کام کرنے اور نئے بینک نوٹ سیریز کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ڈیزائنرز مقامی آرٹ سے ترغیب حاصل کرتے ہوئے نئے بینک نوٹ سیریز کے لیے حتمی ڈیزائن تیار کرنے کے لیے اپنی ڈیزائن کی مہارت اور تخیل کو بروئے کار لانے کے لیے آزاد ہوں گے۔

Comments

200 حروف