بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی-مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ان کا استعفیٰ ان کے والد سردار عطاء اللہ مینگل کو ان کی تیسری برسی پر خراج عقیدت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال نے انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کیا، ایوان کی جانب سے صوبے کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔

اسمبلی میں بلوچستان کے عوام کی حقیقی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے میری جیسی آوازیں بھی کوئی بامعنی تبدیلی نہیں لا سکتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح ہو گیا ہے کہ ہمارے احتجاج یا اظہار رائے کا سامنا ہمیشہ مخالفت سے ہوتا ہے۔

ہمارے لوگوں کو یا تو خاموش کردیا جاتا ہے، غدار قرار دیا جاتا ہے، یا اس سے بھی بدتر قتل کر دیا جاتا ہے۔ ان حالات میں، مجھے اس حیثیت میں کام جاری رکھنا ناممکن لگتا ہے، کیونکہ یہاں میری موجودگی سے ان لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے جن کی میں نمائندگی کرتا ہوں۔

لہٰذا میں درخواست کرتا ہوں کہ میرا استعفیٰ قبول کیا جائے۔ اللہ بلوچستان کی حفاظت کرے اور اسے خوشحال بنائے۔

Comments

200 حروف