عمران منیار نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
یہ بات ایس ایس جی سی کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ ایک نوٹس میں کہی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس 2 ستمبر 2024 کو شام 4 بجے منعقد ہوا جس میں ایم ڈی/چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے عمران منیار کے استعفے پر غور کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بورڈ نے منیار کے دیگر مواقع تلاش کرنے کے فیصلے کا انتہائی احترام کرتے ہوئے ان کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے۔
ایس ایس جی سی نے اپنے نوٹس میں بتایا کہ بورڈ نے منیار کی مدت کے دوران ایس ایس جی سی ایل کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ عمران منیار کا کمپنی کے ساتھ آخری دن 13 ستمبر 2024 ہوگا۔
ایس ایس جی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق منیار ایک ماہر پیشہ ور ہیں جن کا انضمام اور حصول، تنظیم نو، تبدیلی، کیپٹل مارکیٹ ٹرانزیکشنز، لاجسٹکس، اپ اسٹریم اور مڈ اسٹریم آپریشنز، آئل فیلڈ اور انجینئرنگ سروسز کی تعمیر، قیادت اور مشاورت میں 30 سال سے زائد کا مضبوط ٹریک ریکارڈ ہے۔
ایس ایس جی سی میں شمولیت سے قبل عمران منیار مارکورڈ اور بہلس اے جی، جی ایل نوبل ڈینٹن اور ایگل فورڈ آئل اینڈ گیس میں سی ایف او کے عہدوں پر فائز تھے۔ انہوں نے بورڈ واک پائپ لائن پارٹنرز میں منیجر اسٹریٹجک پلاننگ، ملینیم وینچرز ایل ایل سی میں پارٹنر اور سولوے میں اینالسٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
منیار نے پرڈیو یونیورسٹی سے انڈسٹریل انجینئرنگ میں بی ایس، رائس یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا ہے جبکہ اسٹینفورڈ گریجویٹ اسکول آف بزنس سے سی ایف او کی تربیت حاصل کی ہے۔
Comments