محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اور 4 ستمبر کو سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق مون سون کی لہریں کل تک مشرقی سندھ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
نئے موسمی نظام کے اثر سے ٹھٹھہ، تھرپارکر، میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، بدین، جامشورو، دادو، مٹیاری، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، شہید بینظیر آباد اور خیرپور اضلاع میں 3 اور 4 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح گھوٹکی، سکھر، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ اور نوشہرو فیروز میں بھی 3 اور 4 ستمبر کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
4 ستمبر کو کراچی ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
اتوار کو ایک علیحدہ ایڈوائزری میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 2 سے 5 ستمبر تک ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مون سون بارشوں سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سمیت مختلف علاقوں کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، نوشہرہ، صوابی کے ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔
اسی عرصے کے دوران اسلام آباد/ راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، چکوال، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتا ہے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام متعلقہ حکام اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ سیلاب اور موسلادھار بارشوں کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Comments