انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی این ڈی یو) نے اعلان کیا ہے کہ اس کے بورڈ نے پروڈکشن کی لوکلائزیشن کو بڑھانے کے لیے 1.1 ارب روپے (تقریباً 3.94 ملین امریکی ڈالر) کی اضافی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔
ٹویوٹا برانڈ کی گاڑیاں بنانے والی کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ یہ 22 فروری 2024 کو پی ایس ایکس کو لکھے گئے ہمارے خط کا تسلسل ہے جس میں مختلف موجودہ گاڑیوں کے پرزوں اور اجزاء کی اضافی لوکلائزیشن کے لیے 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے، جو جاری ہے اور کیلنڈر سال 2025 کی تیسری سہ ماہی تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی نے اعلان کیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 اگست 2024 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں گاڑیوں کے پرزوں اور اجزاء کی اضافی لوکلائزیشن کے لئے کمپنی کی طرف سے مزید 1.1 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے، اس طرح اضافی لوکلائزیشن کے منصوبے میں مجموعی سرمایہ کاری 4.1 بلین روپے ہو جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ 1.1 ارب روپے کی اضافی سرمایہ کاری کیلنڈر سال 2026 کی پہلی سہ ماہی تک مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
انڈس موٹر نے کہا کہ حالیہ سرمایہ کاری مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کے پرزوں اور اجزاء کی لوکلائزیشن میں مسلسل اضافے کے کمپنی کے مجموعی منصوبے کا حصہ ہے تاکہ غیرملکی زرمبادلہ کے اخراج کو کم کیا جاسکے اور مقامی آٹو انڈسٹری کو فروغ دیا جاسکے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت میں حصہ ڈالا جاسکے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اعلان کردہ سرمایہ کاری پلانٹ اور مشینری، مولڈز، ڈائز، آلات اور مختلف موجودہ گاڑیوں کیلئے مقامی طور پر تیار کیے جانے والے پرزوں اور اجزاء کی لوکلائزیشن کیلئے متعلقہ اخراجات کی مد میں کی جائے گی۔
گزشتہ سال کمپنی نے اپنی ہائبرڈ الیکٹرک وہیکل (ایچ ای وی) کرولا کراس لانچ کی تھی جو کمپنی کے مطابق اس کی قیمت کے لحاظ سے 50 فیصد مقامی تھی۔
اس وقت انڈس موٹر کے سی ای او علی اصغر جمالی نے کہا تھا کہ حکومتی ٹیکسز منہا کرنے کے بعد، کرولا کراس کی ویلیو کا 50 فیصد سے زیادہ مقامی پارٹس سے حاصل ہوتا ہے، جو اسے ملک میں دیگر اسمبل شدہ ہائبرڈز میں منفرد بناتا ہے۔
پاکستان کا آٹو سیکٹر معاشی ترقی کی رفتار میں کمی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بلند شرح سود کے سبب گاڑیوں کی فروخت میں کمی کے ساتھ دباؤ کا شکار ہے۔
Comments