پی ایس ڈی پی منصوبے: وزارتوں اور ڈویژنز کو چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے کی ہدایت
وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے تمام وزارتوں / ڈویژنوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے ترقیاتی منصوبوں کو وفاقی بجٹ میں مختص کردہ رقم کے اندر ترجیح دیں، بجائے اس کے کہ اضافی مختص رقم یا فنڈز کی اجازت کیلئے فنانس ڈویژن کی ریلیز حکمت عملی سے ہٹ کر کوئی کیس بھیجیں۔
تفصیلات بتاتے ہوئے ذرائع نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی نے وزارتوں کو آگاہ کیا ہے کہ مالی سال 24-25 کے لیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی تشکیل کا عمل 22 فروری 2024 کو پی ایس ڈی پی کال سرکلر کے اجراء کے ساتھ ہوا جس میں تمام متعلقہ وزارتوں/ ڈویژنز سے درخواست کی گئی کہ وہ پی ایس ڈی پی کے لیے تجاویز/ مطالبات جمع کرائیں۔ وزارتوں/ ڈویژنز کی طرف سے ابتدائی مطالبات 1366 منصوبوں کیلئے کل 2.80 ٹریلین روپے تھے۔
پلاننگ کمیشن نے اپریل 2024 میں متعدد مشاورتی اجلاس منعقد کیے تاکہ وصول شدہ مطالبات کو این ای سی گائیڈ لائنز سے ہم آہنگ کیا جاسکے اور مجموعی طلب کو کم کرکے 2.45 ٹریلین روپے کردیا گیا۔ اس نظر ثانی شدہ کل طلب کو مالی سال 2024-25 کے لئے پی ایس ڈی پی کے لئے 1.221 ٹریلین روپے کی اشارتی بجٹ حد (آئی بی سی) کے ساتھ ایڈجسٹ کرنا پڑا جیسا کہ فنانس ڈویژن نے 24 مئی 2024 کو بتایا تھا۔
سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی سی سی) نے 31 مئی 2024 سے شروع ہونے والے متعدد اجلاسوں میں مجوزہ پی ایس ڈی پی مالی سال 2024-25 پر غور کیا۔ مالی سال 2024-25 ء کے لئے پی ایس ڈی پی 1.221 ٹریلین روپے کے حجم پر این ای سی نے غور کے لئے پیش کیا تھا۔
بعد ازاں فنانس ڈویژن نے آئی بی سی کو بڑھا کر 1.50 ٹریلین روپے کر دیا تھا لیکن بعد میں اسے کم کرکے 1.40 ٹریلین روپے کر دیا گیا۔ اس کے مطابق منصوبے کے لحاظ سے بجٹ مختص کیا گیا اور پی ایس ڈی پی مالی سال 2024-25 کو این ای سی نے 10 جون 2024 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں 1.40 ٹریلین روپے کے حجم کی منظوری دی۔ اسے مالی سال 2024-25 کے فنانس بل کے حصے کے طور پر پارلیمنٹ کے سامنے رکھا گیا تھا۔
بجٹ پر تفصیلی بحث کے بعد پارلیمنٹ نے مالی رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور بنیادی توازن کے اہداف کو پورا کرنے کے لئے 28 جون 2024 کو پی ایس ڈی پی 2024-25 کو مزید 1.15 ٹریلین روپے کی کمی کی منظوری دی۔ بعد ازاں فنانس ڈویژن نے 26 جولائی 2024 کو بتایا کہ پی ایس ڈی پی کا حجم 1.1 ٹریلین روپے ہے۔
اسی کے مطابق این ای سی کے منظور شدہ معیار کے تحت بنیادی، غیر ملکی فنڈڈ، اور قریب تکمیل منصوبوں کو ترجیح دیتے ہوئے، ہر منصوبے کے لیے بجٹ مختص کی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق مالی سال 2024-25 میں پی ایس ڈی پی مالی گنجائش کی کمی کا شکار ہے جس کی وجہ سے جہاں تک منصوبے کے لحاظ سے بجٹ مختص کرنے کا تعلق ہے تو اس میں اضافے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ تاہم، کچھ وزارتیں / ڈویژن اپنے منصوبوں کے لئے اضافی الاٹمنٹ کے لئے پلاننگ کمیشن سے رابطہ کر رہی ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی نے دلیل دی کہ یہ بات قابل فہم ہے کہ وزارتیں / ڈویژن / ایجنسیاں اپنے منصوبوں کو اولین ترجیح سمجھتی ہیں۔ تاہم، ان وزارتوں / ڈویژنوں / ایجنسیوں کے پاس دیگر وزارتوں / ڈویژنوں / ایجنسیوں کی ترجیحات کے ساتھ ترقیاتی بجٹ پر رکاوٹوں کا جامع نقطہ نظر نہیں ہے۔
مزید برآں، پورے ترقیاتی بجٹ کو منصوبے کے لحاظ سے مختص کیا گیا ہے اور مزید مختص کرنے کے لئے کوئی رقم دستیاب نہیں ہے۔
وزارتوں/ ڈویژنز/ ایجنسیوں سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ یہ بھی نوٹ کریں کہ سہ ماہی کے لحاظ سے فنڈز کی منظوری کا تعین فنانس ڈویژن کرتا ہے اور پلاننگ کمیشن فنانس ڈویژن کی ریلیز حکمت عملی پر عمل کرنے کا پابند ہے لہٰذا پلاننگ کمیشن کیلئے فنانس ڈویژن کی ریلیز حکمت عملی سے ہٹ کر رقم مختص کرنا یا منظور کرنا ممکن نہیں ہے۔
مکمل الاٹمنٹ کی حکمت عملی کی وضاحت کے بعد وزارت منصوبہ بندی نے تمام وزارتوں/ڈویژنز/محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے منصوبوں کو (حکومت کی ترجیحات کے مطابق) پی ایس ڈی پی 2024-25 میں شامل منصوبوں کو مقررہ مختص کردہ حدود کے اندر رکھتے ہوئے ترجیح دیں۔ ساتھ ہی، این ای سی کی منظوری کے مطابق (غیر ملکی فنڈڈ، بنیادی، قریب تکمیل اور نئے اقدامات) ترجیحی منصوبوں کے لیے فنڈز کی دوبارہ تقسیم کی جائے، بجائے اس کے کہ پلاننگ کمیشن کو اضافی مختص رقم یا فنانس ڈویژن کی ریلیز حکمت عملی سے آگے فنڈز کی اجازت کے لیے کیسز بھیجے جائیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments