وفاقی حکومت نے ستمبر 2024 کے لیے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

اس نئے اقدام سے پہلے ہی شدید مہنگائی کا شکار عوام پر مزید مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 99 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد 11.8 کلو گرام کے معیاری گھریلو سلنڈر کی قیمت 82 روپے 54 پیسے ہوگئی ہے۔

گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت اگست میں 2796.56 روپے سے بڑھ کر اب 2879.10 روپے ہو گئی ہے۔

ایل پی جی پروڈیوسر کی قیمت سعودی آرامکو-سی پی اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ سے منسلک ہے۔ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں سعودی آرامکو سی پی میں 3.63 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی اوسط شرح تبادلہ میں 0.046 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایل پی جی صارفین کی قیمت میں 82.54 روپے فی 11.8 کلوگرام سلنڈر (2.95 فیصد) کا اضافہ ہوا ہے۔ اتھارٹی نے وضاحت کی کہ ایل پی جی صارفین کی قیمت میں فی کلو اضافہ 6.99 روپے ہے۔

Comments

200 حروف