مارکٹس

آخری سیشن میں فروخت کے دباؤ سے فوائد میں کمی، کے ایس ای 100 انڈیکس 139 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند

اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں معاشی اشاریوں میں بہتری کی بدولت تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ جمعہ کو کاروباری سیشن کے...
شائع August 30, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس جمعہ کو 139 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا تاہم آخری سیشن میں فروخت کے دباؤ نے انٹرا ڈے میں ملنے والے فوائد کم کردیے۔

کے ایس ای 100 انڈیکس نے کاروبار کا آغاز زبردست خریداری کے ساتھ کیا اور سیشن کے دوران 78,914.28 پوائنٹس بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم آخری گھنٹوں میں منافع کے حصول سے انڈیکس میں کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر بنچ مارک انڈیکس 138.55 پوائنٹس یا 0.18 فیصد اضافے کے ساتھ 78,488.22 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس سے قبل معاشی اشاریوں میں بہتری کی وجہ سے پی ایس ایکس میں تیزی کی رفتار برقرار رہی تھی کیونکہ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 میں تقریبا 500 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

سہ پہر 3 بج کر 15 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 505.94 پوائنٹس یا 0.65 فیصد اضافے سے 78 ہزار 855.60 کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔

آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، او ایم سیز اور ریفائنری سمیت تمام شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔

جمعرات کو بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 357 پوائنٹس کے اضافے سے 78349.66 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

اہم پیشرفت کے طور پر فنانس ڈویژن نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ اگست 2024 ء میں پاکستان میں افراط زر کی شرح میں 9.5 سے 10.5 فیصد تک کم ہونے کا امکان ہے اور یہ آنے والے مہینوں میں مزید کم ہوگی۔

وزارت خزانہ نے اپنے ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک میں کہا ہے کہ اقتصادی اشاریوں میں استحکام کی وجہ سے اگست میں افراط زر 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہنے اور ستمبر 2024 میں مزید کم ہوکر 9 سے 10 فیصد رہنے کی توقع ہے۔

موڈیز ریٹنگز (موڈیز) نے حکومت پاکستان کے مقامی اور غیر ملکی کرنسی جاری کنندگان اور سینئر ان سیکیورڈ ڈیبٹ ریٹنگز کو سی اے اے 3 سے سی اے اے 2 میں اپ گریڈ کیا اور آؤٹ لک کو مستحکم سے مثبت میں تبدیل کردیا۔

عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ 12 جولائی 2024 کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 7 ارب ڈالر کی 37 ماہ کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے معاہدے کے بعد اب پاکستان کے بیرونی فنانسنگ کے ذرائع زیادہ قابل اعتماد ہیں۔

ایجنسی کے مطابق ہمیں توقع ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اگلے چند ہفتوں میں ای ایف ایف کی منظوری دے گا۔

جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس آخری بار 0.77 فیصد بڑھا تھا اور اس میں ماہانہ بنیاد پر 2.3 فیصد اضافے کی توقع ہے۔

سرمایہ کاروں کی بنیادی توجہ اس سال فیڈ ریٹ میں کمی کی رفتار اور پیمانے پر ہے اور یہ اندازے اس وقت مزید مستحکم ہوگئے جب فیڈ کے مقررین کی ایک بڑی تعداد نے اگلے ماہ کے اوائل میں ایسا کرنے کے ارادے کا اشارہ دیا۔ مارکیٹ نے سال کے اختتام تک تقریباً 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کے اندازے لگائے ہیں جس میں ستمبر کے دوران 50 بی پی ایس کی کمی کا امکان 32.5 فیصد ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں جمعے کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.04 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور روپی کی قدر 10 پیسے بڑھنے کے بعد 278 روپے 54 پیسے پر بند ہوئی۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم جمعرات کے روز 599.80 ملین کے مقابلے میں بڑھ کر 680.81 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 20.41 ارب روپے سے بڑھ کر 21.19 ارب روپے ہوگئی۔

ہیسکول پیٹرول 63.11 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے، کوہ نور اسپننگ 44.64 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور سممیٹری گروپ لمیٹڈ 38.69 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

جمعہ کو 454 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 214 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 180 میں کمی جبکہ 60 میں استحکام رہا۔

 ۔
۔

Comments

200 حروف