پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے شیئر ہولڈر ڈائریکٹر ندیم نقوی کو کمپنی کا عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کردیا ہے۔
حصص کی تجارت کو چلانے ، ریگولیٹ کرنے اور کنٹرول کرنے میں مصروف کمپنی نے جمعرات کو اسٹاک ایکسچینج میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
پی ایس ایکس نے اپنے اسٹیک ہولڈرز کو نوٹس میں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کے شیئر ہولڈر ڈائریکٹر ندیم نقوی کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی منظوری سے عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مقرر کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ندیم نقوی 3 ستمبر 2024 سے قائم مقام سی ای او کا عہدہ سنبھالیں گے اور مستقل سی ای او کی تقرری یا 30 نومبر 2024 تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔
پی ایس ایکس کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق ندیم نقوی حبیب یونیورسٹی فاؤنڈیشن کراچی کے سی ای او ہیں۔
وہ 2011 سے 2017 تک پی ایس ایکس کے منیجنگ ڈائریکٹر تھے ، جب انہوں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی اور کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں جاکر آباد ہوگئے۔
جولائی میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ فرخ خان نے پی ایس ایکس کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ، جبکہ ابھی ان کی مدت ملازمت ختم ہونے میں تقریبا ڈیڑھ سال باقی تھے۔
فرخ خان نے فروری 2020 میں پی ایس ایکس میں اس وقت شمولیت اختیار کی تھی جب پاکستان میں کوویڈ کی وبا پھیلی تھی۔
بعد میں معلوم ہوا کہ فرخ خان ٹیلی کام آپریٹر جاز میں چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کے طور پر تعینات ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو تصدیق کی کہ فرخ 15 ستمبر 2024 سے ٹیلی کام آپریٹر کو جوائن کرینگے۔
Comments