فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجر برادری سے کہا ہے کہ وہ تاجر دوست اسکیم کیخلاف 28 اگست کو شٹرڈاؤن ہڑتال کرنے سے قبل 27 اگست کو ایک تفصیلی اجلاس منعقد کریں۔

تاجر دوست اسکیم کے چیف کوآرڈینیٹر نعیم میر نے بزنس ریکارڈر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز نے تاجروں کے نمائندوں سے رابطہ کیا ہے اور انہیں ٹیکس ادائیگیوں سمیت ان کے مسائل کے حل کیلئے 27 اگست کو اجلاس منعقد کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اجلاس ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر تاجر دوست اسکیم سے متعلقہ نوٹیفکیشن میں کسی بھی ترمیم سمیت تاجروں کے تمام جائز مطالبات تسلیم کرے گا۔

حال ہی میں ٹریڈرز کی مرکزی تنظیم اور آل پاکستان انجمن تاجران نے نام نہاد تاجر دوست اسکیم اور حالیہ ٹیکس پالیسیوں کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

کاشف چوہدری اور اجمل بلوچ نے اس اسکیم کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل عمل قرار دیا اور اسے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے دالوں اور آٹے سمیت اشیائے ضروریہ پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

اب تک ایف بی آر نے 32 لاکھ کے ہدف کے مقابلے میں 58 ہزار سے زائد چھوٹے تاجروں اور نئے دکانداروں کا اندراج کیا ہے۔

ایف بی آر کے ایک سینئر عہدیدار نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ تاجروں کی جانب سے ماہانہ ٹیکس ادائیگیاں رواں ماہ (اگست) سے شروع ہوں گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف